وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا مسلح افراد دیکھتے ہی گرفتار کرنے کا حکم 

Jul 21, 2024 | 23:18:PM

 (24نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ صوبے میں مسلح افراد کہیں بھی پائے جائیں انہیں گرفتار کر کے کارروائی کی جائے۔

سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بنوں واقعے پر عمائدین اور پارٹی رہنماؤں کا شکرگزار ہوں، بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کر لیا گیا ہے اور واقعے پر کمیٹی تشکیل دی ہے جس سے کل ملاقات ہوگی اور عوام کے تحفظات دور کریں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پخوتنخوا کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں ہی تحفظات کا اظہار کیا تھا اور واضح کہا تھا خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرنے والے سرکاری معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے اجلاس میں بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا، علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پولیس ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ عوامی حمایت کے بغیر نہیں لڑی جاسکتی، دہشتگردی کے خلاف پاک فوج ، پولیس اور عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں،ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مل کر مقابلہ کریں گے اور صوبے سے دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شکر گڑھ میں کھیتوں سے بھارتی ساختہ مارٹر شیل برآمد

مزیدخبریں