مغوی شہری کیس،خفیہ اداروں کے سیکٹر کمانڈرز کو اپنے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرانے کا حکم

Jun 21, 2024 | 12:09:PM

(احتشام کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر کے مغوی شہری خواجہ خورشید کیس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈرز کو اپنے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آزاد کشمیر کے مغوی شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی ،سرکاری وکیل  نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ خورشید کے خلاف پولیس کے پاس کوئی مقدمہ درج نہیں ہے، جسٹس محسن کیانی نے استفسار کیا کہ پولیس اور ایف آئی اے کی رپورٹ آ گئی، وزارت دفاع کی رپورٹ کدھر ہے؟  نمائندہ وزارت دفاع نے جواب دیا کہ ہمیں کل نوٹس موصول ہوا ہے، تھوڑا وقت دے دیں۔

عدالت  نے پوچھا کہ آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈرز سے کہیں اپنے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرائیں، سیکرٹری دفاع کو تو پتہ ہی نہیں ہوتا کہ ہو کیا رہا ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ دونوں افسران کے دستخط کے ساتھ پیر کو رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ وکیل بولا کہ اٹھارہ، اُنیس دن ہو گئے ایک شخص لاپتہ ہے، چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، سب پریشان ہیں، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ رپورٹ آ جائے تو پھر دیکھ لیتے ہیں۔

ضرورپڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ بھی کراچی کے کھانوں کے دیوانے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈرز کو اپنے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ، جسٹس محسن کیانی نےوزارتِ دفاع کے نمائندےسے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ دستخط کے ساتھ رپورٹ اس لیے لے رہے ہیں کہ اس کے نتائج ہونگے،نمائندے نے استدعا کی کہ پیر تک کا وقت دے دیا جائے، جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا کہ پیر کو خالد خورشید کو 21 دن ہو جائیں گے،کسی دہشتگردی یا ریاست مخالف سرگرمی میں شامل ہے تو اسکے خلاف کارروائی کریں،اگر اسکا کوئی مجرمانہ فعل ہے تو کارروائی کریں کسی کو اعتراض نہیں ہو گا۔عدالت نے کیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں