دوکی:کوئلے سے لوڈ متعدد ٹرکوں پر فائرنگ، ایک ڈرائیور جاں بحق، متعدد زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(رحمت اللہ موسی خیل) ضلع دوکی کے نواحی علاقے پاسرہ میں کوئلے سے بھرے متعدد ٹرکوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈرائیور جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، حملے کے بعد 4 ڈرائیوروں کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔
صوبہ بلوچستان کے ضلع دوکی میں سنجاوی کے علاقے بغاو میں پاسرہ تنگی کے مقام پر مسلح افراد نے کوئلے سے لوڈ ٹرکوں پر فائرنگ کرکے پیٹرول چھڑک کر ٹرکوں کو آگ لگادی، لیویز ذرائع کے مطابق ٹرکوں پر مسلح افراد کے حملے میں ایک ڈرائیور موقع پر جاں بحق جبکہ 3 ڈرائیور زخمی ہوگئے، مسلح حملہ آور چار ڈرائیوروں کو اغواء کرکے ساتھ لے گئے، کوئلے سے لوڈ ٹرک ضلع دوکی سے کوئلہ لوڈ کرکے پنجاب کے مختلف علاقوں کے لئے جارہے تھے۔
مسلح افراد نے مین دوکی کوئٹہ شاہراہ پر ٹرکوں کو نشانہ بنایا، ٹرکوں پر فائرنگ اور پیٹرول چھڑکنے کے بعد 5 ٹرک مکمل طور پر جلکر خاکستر ہوگئے جبکہ چھٹے ٹرک کو جزوی نقصان پہنچا ہے، واقعے کے بعد لیویز اور ایف سی کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: 38 اعلیٰ ترین پولیس افسران کی اچانک ریٹائرمنٹ، وجہ کیا بنی ؟ اصل کہانی سامنے آگئی
ٹرک ڈرائیور کے مطابق مسلح حملہ آوروں کی تعداد 6 تھی جوکہ پیدل آئے تھے، مسلح افراد نے آتے ہی اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی شناخت شاہ محمد ولد بازمحمد ساکن بغاو سنجاوی کے نام سے ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں میں سے ایک زخمی عبدلقادر ولد عبدالمجید کا تعلق بھی ںغاو کے علاقے سے ہے۔
واضح رہے کہ یکم فروری سے دوکی کول مائنز پر حملوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، مسلح افراد پہلے بھی ایف سی کی گاڑی ،کوئلے کے ٹرکوں اور کوئلہ کانوں پر حملے کرکے مزدوروں کو اغواء کرچکے ہیں، مسلح افراد کے کول مائنز پر حملوں کی وجہ سے سینکڑوں کوئلہ کانیں بھی کئی ماہ گزرنے کے باجود تاحال مکمل طور پر بند ہوگئی ہیں۔