آپ ہی یہاں کلیدی آدمی ہیں، آپ نے ہی فیصلہ کرنا ہے،چیف جسٹس کا وزیر داخلہ سے مکالمہ

Nov 21, 2024 | 17:45:PM
آپ ہی یہاں کلیدی آدمی ہیں، آپ نے ہی فیصلہ کرنا ہے،چیف جسٹس کا وزیر داخلہ سے مکالمہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)تحریک انصاف کا اسلام آباد احتجاج رکوانے کی درخواست پر چیف جسٹس نے وزیر داخلہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہی یہاں Key man ہیں، آپ نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ کیا کرنا ہے،جو صورتحال ہے وزیر داخلہ صاحب کیلئے بھی بڑی مشکل صورتحال ہے، کیا حل ہے کہ اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند نہ کیا جائے اور کوئی اور حل ہو۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا اسلام آباد احتجاج رکوانے کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی طلب کرنے پر عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ پہلے بھی اسلام آباد کے احتجاج سے متعلق اسی نوعیت کی ایک درخواست آئی تھی،عام شہری کا کیا قصور ہے؟ اس صورتحال سے کیسے نمٹا جائے؟ میں عموماً وزیروں کو طلب نہیں کرتا لیکن صورتحال ہی کچھ ایسی ہے۔

وکیل درخواستگزار نے کہاکہ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ اسلام آباد پر لشکر کشی کرتے ہیں،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ جو صورتحال ہے وزیرِ داخلہ صاحب کیلئے بھی بڑی مشکل صورتحال ہے، کیا حل ہے کہ اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند نہ کیا جائے اور کوئی اور حل ہو،وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ بیلاروس کے صدر پاکستان آ رہے ہیں، پورا وفد آ رہا ہے، یہ صورتحال ہو گی تو ہمارے ملک کا برا امیج جائے گا، کچھ دیر پہلے 38 لوگ شہید ہو گئے ہیں، ادھر فوکس کریں یا ادھر کریں،ہم نے ایف سی کسی ایک طرف دینی ہے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کو دیں۔ 

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کو ڈی سیٹ کردیا

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ پی ٹی آئی کو انگیج کر لیں؟محسن نقوی نے کہاکہ تاریخیں وہ رکھی جاتی ہیں جب باہر سے کوئی وفد پاکستان آ رہا ہوتا ہے، میں عدالت کو تفصیلات دے سکتا ہوں کہ کنٹینرز کا کتنا کرایہ دے رہے ہیں،کسی نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے علاقوں میں کریں ہم نہیں روکتے، یہ کیا طریقہ ہے کہ احتجاج کیلئے اسلام آباد آ جائیں۔

چیف جسٹس نے وزیر داخلہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہی یہاں Key man ہیں، آپ نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ کیا کرنا ہے، محسن نقوی نے کہاکہ میں خود کنٹینرز لگانے کے حق میں نہیں ہوں،پچھلی بار بھی ہمارا ایک بندہ شہید ہو گیا تھا،پچھلی بار 3 سو سے زائد افغانی بھی حراست میں لیے گئے، 

ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ عدالت پی ٹی آئی کو بھی طلب کر لے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ میں نے تو طلب کیا تھا، اگلی تاریخ پھر رکھ لیتے ہیں، میں نے پہلے بھی آرڈر کیا تھا اُسی میں کچھ کر لیتا ہوں، وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور اچانک سے کال دے دی گئی،چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ وزیرداخلہ صاحب آپ پی ٹی آئی کو انگیج کریں،میں اس کیس میں آرڈر پاس کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں چوتھے روز بڑا اضافہ،خریداروں کو بڑا جھٹکا لگ گیا