وزیر داخلہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، انسدادِ دہشتگردی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی اور انسدادِ دہشتگردی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی سے ملاقات کی، ملاقات میں سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، سمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ، پاکستانی زائرین کیلئے سہولت اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور ایرانی صدر کی ملاقات، اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدامات سے ملکر زائرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے، دونوں اطراف کا قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے، دونوں اطراف بارڈر مارکیٹوں کے کو جلد از جلد فعال کرنے،دونوں ممالک کے مشترکہ مسئلے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا اور اس سلسلے میں باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے، دونوں ممالک کے مابین سیکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے، اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے، دونوں ممالک کی بارڈر مینجمنٹ ، سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے اس ضمن میں پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت دی اور اس موقع پر عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کئے جانے کا بتایا جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے دورے کی دعوت اور مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید پر ایرانی ہم منصب اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، پوری پاکستانی قوم ایرانی صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے، میرا مقصد ہے کہ قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو، سمگلنگ دونوں ممالک کیلئے معاشی نقصان کا باعث ہے، سمگلنگ کی روک تھام اور بارڈر منجمنٹ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی روابط کو فروغ ملے گی، پاکستان ایران کے مابین تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےاور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے تمام مسلم ممالک کو ملکر کام کرنا ہو گا۔
دوسری جانب ایرانی وزیرداخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر ایرانی وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر کی فینسنگ کے حوالے سے بہترین کام کیا ہے۔