ملک پر سورج کی یلغار ، جھلسا دینے والا موسم، 27 اپریل تک الرٹ جاری

Apr 22, 2025 | 09:57:AM
ملک پر سورج کی یلغار ، جھلسا دینے والا موسم، 27 اپریل تک الرٹ جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز ) ملک بھر میں گرمی نے اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، ستائیس اپریل تک شدید گرمی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ دنوں میں بیشتر علاقے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔

گزشتہ روز کراچی شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہا، جہاں درجہ حرارت اکتالیس ڈگری کو چھو گیا۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت چوالیس ڈگری سے بھی بڑھ گئی۔ اپریل کے معمول سے یہ درجہ حرارت چھ ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں جمعرات کو واپس آنے کی امید ہے، تب تک حالات جوں کے توں رہیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں:’’دو بچھڑی  بہنیں‘‘ماہرہ خان کی معروف ادکارہ سے مشابہت، رشتہ کیا ہے؟

لاہور میں پارہ چھتیس ڈگری تک پہنچا، مگر شہریوں نے گرمی اکتالیس ڈگری جیسی محسوس کی۔ راولپنڈی کا حال بھی کچھ مختلف نہ تھا، جہاں چھتیس ڈگری کی گرمی چالیس ڈگری جیسی محسوس کی گئی۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بھی حالات شدید رہے، تھرپارکر اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت اکتالیس، محسوس ہونے والی شدت تنتالیس ڈگری ریکارڈ کی گئی، حیدرآباد اور سکھر میں اڑتیس ڈگری کا پارہ بھی تنتالیس اور اکتالیس ڈگری جیسا محسوس ہوا۔

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں درجہ حرارت چالیس ڈگری تک جا پہنچا، جو کہ محسوس ہونے میں تنتالیس سے بھی زائد تھا۔ شمالی علاقوں میں اگرچہ موسم جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، تاہم درجہ حرارت میں اضافہ وہاں بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ سے بچاؤ کے انتظامات کریں۔

علاوہ ازیں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک ہے جبکہ کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے  اور ساتھ ہی درجہ حرارت میں بھی آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے،خیبر پختونخو اکے جنوبی اضلاع میں دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ گرمی ہو گی۔

ماہرین نے موسم کے حوالے سے پیش گوئی میں کہا ہے کہ چترال،  دیر ،کوہستان ، مانسہرہ، اور سوات کے اضلاع میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں وگرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گزشتہ روز صوبے کے بیشتر اضلاع دیر، سوات ، کوہستان ،چترال اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔

گزشتہ روز دیر میں 14 ،کالام 9، دروش، 4 پٹن اور بالاکوٹ میں 3 ملی میٹر بارش  ریکارڈ ہوئی اور پشاور کا درجہ حرارت 35 ،ڈیرہ اسماعیل خان 39، بنوں 35، کالام 16، مالم جبہ 18، چترال 22، دیر 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔