ملک پر سورج کی یلغار ، جھلسا دینے والا موسم، 27 اپریل تک الرٹ جاری

Apr 22, 2025 | 09:57:AM

(24  نیوز ) ملک بھر میں گرمی نے اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، ستائیس اپریل تک شدید گرمی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ دنوں میں بیشتر علاقے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔

گزشتہ روز کراچی شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہا، جہاں درجہ حرارت اکتالیس ڈگری کو چھو گیا۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت چوالیس ڈگری سے بھی بڑھ گئی۔ اپریل کے معمول سے یہ درجہ حرارت چھ ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں جمعرات کو واپس آنے کی امید ہے، تب تک حالات جوں کے توں رہیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں:’’دو بچھڑی  بہنیں‘‘ماہرہ خان کی معروف ادکارہ سے مشابہت، رشتہ کیا ہے؟

لاہور میں پارہ چھتیس ڈگری تک پہنچا، مگر شہریوں نے گرمی اکتالیس ڈگری جیسی محسوس کی۔ راولپنڈی کا حال بھی کچھ مختلف نہ تھا، جہاں چھتیس ڈگری کی گرمی چالیس ڈگری جیسی محسوس کی گئی۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بھی حالات شدید رہے، تھرپارکر اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت اکتالیس، محسوس ہونے والی شدت تنتالیس ڈگری ریکارڈ کی گئی، حیدرآباد اور سکھر میں اڑتیس ڈگری کا پارہ بھی تنتالیس اور اکتالیس ڈگری جیسا محسوس ہوا۔

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں درجہ حرارت چالیس ڈگری تک جا پہنچا، جو کہ محسوس ہونے میں تنتالیس سے بھی زائد تھا۔ شمالی علاقوں میں اگرچہ موسم جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، تاہم درجہ حرارت میں اضافہ وہاں بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ سے بچاؤ کے انتظامات کریں۔

مزیدخبریں