پنجاب اسمبلی میں پولیس کو خراج تحسین پیش کرنےسمیت تین قرارداد یں منظور

Stay tuned with 24 News HD Android App

(راو دلشاد)پنجاب اسمبلی میں دہشتگردی کیخلاف کاوشوں پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے، کینسر کی تشخیص ، دی یونیورسٹی آف وائٹ روک بل 2025 کی قراردادوں کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔
پنجاب اور کے پی میں دہشتگردوں کے حملہ کو ناکام بنانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی ہے،رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے کے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی۔
قرار داد کے متن کے مطابق یہ ایوان کوٹ مبارک پنجاب اور خیبر پختو نخوا کے سرحدی علاقے میں 2 مارچ کو خوارج دہشت گردوں کے گھات لگا کر کئے گئے حملے کو ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
متن کے مطابق اس دلیرانہ کارروائی میں پولیس نے نہ صرف دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے بلکہ یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی محافظ فورسز ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔
قرار داد میں بتایا گیا کہ یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ خوارج دہشت گردوں اور ان کے سر پرستوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ریاست اپنی پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی کے اس فتنے کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔
پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ سے متعلق کینسر کی تشخیص کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی،قرارداد کے متن میں بتایا گیا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں کینسر کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،ہر آٹھ میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر کا شکار ہو رہی ہے۔
قرارداد کے مطابق کینسر کے مرض کی بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے سے اموات کا سلسلہ بھی بڑھ رہا ہے،صوبہ پنجاب کی 13 کروڑ آبادی ہے کینسر کے مریضوں کے لیے سرکاری سطح پر سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کے لیے صرف 410 بیڈز موجود ہیں علاج و معالجہ کے لیے جدید مشینری کی بھی شدید قلت ہے۔
قراردادکے متن میں کہا گیا کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ کینسر کے مریضوں کو سرکاری سطح پر علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔
پنجاب اسمبلی میں دی یونیورسٹی آف وائٹ روک بل 2025ء پنجاب اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، بل حکومتی رکن خالد محمود ججہ نے پیش کیا، بل حکومتی رکن خالد محمود ججہ نے پیش کیا۔
دی نیکسز یونیورسٹی سیالکوٹ بل 2025ء بھی پنجاب اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کیا گیا، بل رکن اسمبلی شازیہ عابد کی عدم موجودگی پر رکن اسمبلی عطیہ افتخار نےپیش کیا،دی نیکسٹ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل 2025ء پنجاب اسمبلی سے کثرت رائےسے منظور کرلیاگیا۔
بل رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین کی عدم موجودگی پر رکن اسمبلی عطیہ افتخار نےپیش کیا،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے دی پنجاب آرمز ترمیمی بل 2025 ء متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف عوامی نیشنل پارٹی کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کریگی