(ویب ڈیسک)اداکارہ لائبہ خان نے انکشاف کیاہے کہ وہ حافظ قرآن ہیں اس لیے والدنے شوبز میں آنے سے منع کردیا تھا۔
اداکارہ لائبہ خان کا ایک انٹرویو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں انہوں نے شوبز کے آغاز پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیاکہ میں حافظ قرآن ہوں ،7 سال کی عمر میں والدین کی خواہش پر حفظ کرناشروع کیا اور 9 سال کی عمر میں مکمل حفظ کرلیاتھا ۔
لائبہ خان نے بتایاکہ بچپن میں حفظ کی خواہش میری نہیں تھی لیکن امی کی خواہش پر حفظ کیا اور جب قرآن پاک پڑھناشروع کیا تو دل لگ گیاچونکہ میری یادداشت بہت اچھی ہے لہٰذا 2 سال کے دوران ہی حفظ مکمل کرلیاتھا ،حفظ کے بعد اپنی پڑھائی کا دوبارہ آغاز کیا اور اسی وجہ سے مجھے 2 سال پیچھے چھٹی کلاس میں ایڈمیشن ملا ۔
شوبز میں آنے سے متعلق اداکارہ لائبہ خان نے بتایا کہ میٹرک کے بعد میں امی کے ساتھ چھوٹی بہن اور اداکارہ ایمان کے ڈرامہ سیٹ پر چلی گئی تھی،اسی سیٹ پر کاسٹنگ ہیڈ نے مجھے ایکٹنگ کی آفر کی،میں نے پہلے توانکار کیا پھر حامی بھرلی،اسی دوران میں نے ایکٹنگ شروع کی اور پھر انٹر کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا ایک بار پھر زخمی،مداحوں سے دعائوں کی اپیل
لائبہ خان نے مزید بتایا کہ چونکہ میں حافظ قرآن ہوں یہی وجہ ہے کہ شوبز کے آغاز میں والد کو میرا ڈراموں میں آنا پسند نہیں تھا، والد مجھ سے بات نہیں کرتے تھے اور غصے میں رہتے تھے حتیٰ کہ میرے ڈرامے بھی نہیں دیکھتے تھے،ان کا کہنا تھا کہ میں نے چونکہ حفظ کیا ہے اس لیے مجھے شوبز میں نہیں آنا چاہیے، لیکن والدہ کی سپورٹ نے سب کا رویہ تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔