وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات،پی پی کو پنجاب میں نظر انداز کرنے پر شکایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران سیاسی و ملکی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ ، اراکین قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، نوید قمر اور سینیٹر شیری رحمان بھی شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس موقع پر پیپلزپارٹی نے وزیر اعظم سے پنجاب میں تحریری معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت میں پی پی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سے عرب مانیٹری فنڈ کے چئیر پرسن کی ملاقات
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کوآرڈیشن کمیٹیوں کا اجلاس اتوار کو گورنر ہاؤس لاہور میں مدعو کر لیا گیا ہے جس میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات حل کر لیے جائیں گے۔ملاقات میں دونوں سیاسی رہنماؤں نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کر نے کا اعادہ بھی کیا۔
اس موقع پروزیراعظم نے بلاول بھٹو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کام کر رہے ہیں۔