پی ایس ایل 9: جیت کی ہیٹرک، کوئٹہ گلیڈی نے اسلام آباد کو آؤٹ کلاس کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افضل بلال) پی ایس ایل 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی نے اسلام آباد کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر جیت کی ہیٹرک مکمل کر لی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا، گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹڈ کا 139 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کے 19 ویں اوور میں عبور کر لیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان ریلی روسو ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 34 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ بائیں ہاتھ کے ہارڈ ہٹر بلے باز شریفائن ردرفورڈ نے 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سپر سٹار باؤلر نسیم شاہ نے بھی 2 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حنین شاہ اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
یہ بھی پڑھیں: شاداب کی بیٹنگ پوزیشن پر وسیم اکرم نےسوال اٹھادیئے
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ڈگمگاتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز سکور کیے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سلمان علی آغا 23 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ فہیم اشرف اور اوپنر کولن منرو نے 20، 20 رنز سکور کیے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مسٹری سپنر ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر نے 3، 3 جبکہ عقیل حسین نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ریلی روسو نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، روسو کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں بلے بازوں کو مدد ملے گی، اوس پڑنے کی توقع ہے اس لئے گیند بازوں کو مشکل ہو گی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے۔