(وسیم شہزاد )ملک کے سینئر ترین سیاستدان سمجھے جانے والے این اے 149 سے آزاد امیدوار مخدوم جاوید ہاشمی سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مخدوم جاوید ہاشمی ملتان کے حلقہ این اے 149 سے آزاد حیثیت میں الیکشن 2024 میں حصہ لینے جا رہے تھے لیکن الیکشن کے قریب آتے ہی وہ اپنی وفاداریاں سابق وزیر اعظم عمران خان کے سپرد کرتے ہوئے پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں ، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے الیکشن سے دستبردار ہونے کے فیصلے نے نہ صرف ملتان بلکہ ملکی سیاست میں ہلچل مچائی ہے ۔
جاوید ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپنا سیاسی وزن عمران خان کے پلڑے میں ڈالتا ہوں، جاوید ہاشمی حلقہ این اے 149 سے چیرمین استحکام پارٹی جہانگیر ترین اور ملک عامر ڈوگر کے مدمقابل تھے،سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے اس سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سب چیزیں پہلے سے ہی پلان ہیں تو الیکشن کرانے کی کیا ضرورت ہے ؟میں اپنی وفاداریاں عمران خان کے سپرد کرتا ہوں، میں ظلم کیخلاف ہوں ، عمران خان میری سوچ کو تقویت دے رہا ہے، موجودہ صورتحال میں اقتدار حاصل کرنے کے لیے ہر سطح میں سمجھوتہ کیا جا رہا ہے،جب سب چیزیں پلان ہیں تو الیکشن کرانے کی ضرورت ہی کیا ہے؟کیا اس الیکشن سے پاکستان کے حالات بدل جائیں گے؟آج تک پاکستان میں کوئی الیکشن دھاندلی کے بغیر نہیں ہوا،میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں عمران خان کو آگے نہیں آنے دیں گے۔
جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی پارٹی اس وقت مشکل حالات میں ہے، جب کوئی طاقتور حلقوں کیخلاف لڑتا ہے میں اسکا ساتھ دیتا ہوں، 1964 سے میں نے یہی سبق پڑھا ہے ظلم کے خلاف بولوں،ایران والا مسئلہ ہو گیا بات ختم ہو گئی،امریکہ کوئٹہ کا ائیر بیس مانگ رہا ہے، بلکہ دے دیا گیا،عسکری قائدین کو سمجھ نہیں کہ کوئٹہ کہاں ہے، اسکی سرحد ایران کے ساتھ ہے،پاکستان کے ٹکڑے کرنے میں عسکری طاقتیں ملوث ہیں.
سینئر سیاستدان کا مزید کہنا تھا کہ فوج پاکستان کا مقدس ادارہ ہے،یہ وقت اکٹھا ہونے کا ہے، کہنا نہ مانیں تو اڈیالہ جیل بھیج دیتے ہیں،یہ الیکشن نہیں تماشا ہے 8 فروری کو بھرپور میلہ لگے گا،طاقتور حلقوں نے عوام کو بے وقوف بنا رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :انٹر بینک میں ڈالر سستا، سٹاک ایکس چینج سے بھی مثبت خبر آ گئی