"موت کو بہت قریب سے دیکھا"، زینت امان نے خطرناک واقعہ شیئر کردیا

بعض اوقات مسائل کا فوری حل تلاش کرنے کی بجائے صبر اور سکون سے کام لیناچاہیے

Jan 22, 2025 | 15:29:PM
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی ماضی کی معروف اداکارہ زینت امان نے مداحوں کے ساتھ ایک خطرناک واقعہ شیئرکردیاکہ کس طرح وہ گزشتہ روز موت کے منہ سے واپس آئیں۔

ماضی کی "ڈریم گرل" نے حال ہی میں اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک واقعہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پرشیئر کیا ہے،زینت امان نے بتایاکہ ایک دن شوٹ سے واپسی کے بعد وہ بلڈ پریشر کی دوا لینے لگیں تو جیسے ہی انہوں نے گولی نگلنے کی کوشش کی وہ گولی ان کے حلق میں پھنس گئی، جس سے انہیں سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔

زینت امان نے کہا کہ وہ نہ تو گولی نگل پا رہی تھیں اور نہ ہی اسے باہر نکال پا رہی تھیں، اور کافی سارا پانی پینے کے باوجود گولی اپنی جگہ پر اٹکی رہی، اس دوران گھر میں صرف ان کے پالتو جانور موجود تھے، اور ڈاکٹر کا نمبر بھی مسلسل مصروف تھا،اس دوران  گھبراہٹ کے عالم میں انہوں نے زاہان خان کو فون کیا، جو فوراً ان کی مدد کے لیے پہنچ گئے۔

زینت امان نے مزید بتایا کہ زاہان کے آنے کے بعد انہوں نے ڈاکٹر سے رابطہ کیا، جنہوں نے اطمینان دلایا کہ گولی وقت کے ساتھ گھل جائے گی،اس کے بعد  میں نے گرم پانی پینے کا سلسلہ جاری رکھا اور کچھ وقت بعد گولی گھل گئی۔

یہ بھی پڑھیں:سیف علی خان پر حملہ کرنےوالا قومی سطح کا کھلاڑی ہے،پولیس تفتیش میں انکشاف

ماضی کی معروف اداکارہ نے کہا کہ اس تجربے نے انہیں یہ سکھایا کہ زندگی میں بعض اوقات مسائل کا فوری حل تلاش کرنے کے بجائے صبر اور سکون سے کام لینا ضروری ہوتا ہے، یہ واقعہ ان کے لیے ایک سبق تھا کہ بعض مشکلات کا سامنا صبر اور حوصلے کے ساتھ کرنا چاہیے۔

زینت امان کے مداحوں نے اس واقعے کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔