(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنےجبکہ شمالی بلوچستان ،خیبر پختونخوا،جنوبی پنجاب،زیریں سندھ اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اتوار کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نےاسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا کہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، سوات ،شانگلہ، دیر ،بالاکوٹ، مانسہرہ، کوہستان اوروزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گاتاہم مری ،گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع اور مکران میں شدید گرم رہےگا۔
محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ میں موسم کے بارے میں پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گاتاہم ساحلی پٹی میں بونداباندی ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سموگ فری پنجاب پلان،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ