وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی اجلاس ،’آپریشن عزم استحکام‘ کی منظوری

Jun 22, 2024 | 21:00:PM
وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی اجلاس ،’آپریشن عزم استحکام‘ کی منظوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وزیر اعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی اجلاس میں  آپریشن عزم استحکام‘ دوبارہ متحرک کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر مرکزی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آپریشن عزم استحکام کی قومی مہم کو دوبارہ متحرک کرنے کی منظوری دے دی ہے،وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر ہوئے مرکزی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اہم وزراء، تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، سروسز چیفس، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق فورم نے انسداد دہشت گردی کی جاری مہم کا ایک جامع جائزہ لیا، اجلاس میں داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان کے ملٹی ڈومین اصولوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں خامیوں کی نشاندہی کرنے پر زور دیا گیا تاکہ ان کو اولین ترجیح کی بنیاد پر دور کیا جا سکے، ساتھ ہی مکمل قومی اتفاق رائے سے انسداد دہشت گردی کی جامع اور نئی جاندار حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

وزیر اعظم نے آپریشن عزم استحکام کی قومی مہم کو دوبارہ متحرک کرنے کی منظوری دی، جو کہ ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کےخاتمے کے قومی عزم کی علامت ہے،اعلامیہ میں کہا گیا کہ آپریشن عزم استحکام خطرات سے نمٹنے کے لیے متعدد خطوط پر کام کرے گا، اس کے تحت مسلح افواج کی تجدید اور بھرپور متحرک کوششوں کو مکمل حمایت سے بڑھایا جائے گا، دہشت گردی سے متعلقہ مقدمات میں مثالی سزائیں دی جائیں گی۔

اعلامیہ کے مطابق اس مہم کو سماجی و اقتصادی اقدامات کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، اس مہم کا مقصد لوگوں کے حقیقی خدشات کو دور کرنا اور انتہا پسندانہ رجحانات کی حوصلہ شکنی کرنے والا ماحول بنانا ہے، مہم کی حمایت میں ایک متحد قومی بیانیہ کو فروغ دیا جائے گا،فورم نےاعادہ کیا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے، اور یہ قوم کی بقا اور بہبود کے لیے بالکل ضروری ہے، فورم نے فیصلہ کیا کہ کسی کو بغیر کسی رعایت کے ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان میں چینی شہریوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا،اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی منظوری سے متعلقہ محکموں کو نئے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں، جن سے پاکستان میں چینی شہریوں کو جامع سیکیورٹی فراہم کرنے کے طریقہ کار میں اضافہ ہوگا،واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں وزیراعظم کے زیر صدارت پاکستان اورچین کے درمیان اہم جائزہ اجلاس ہوا تھا جس میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ چینی باشندوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائےگی اور اس حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے،علاوہ ازیں رواں ماہ چین کے دورہ کے بعد وزیراعظم نے کہا تھاکہ دورے کے دوران سیکیورٹی کا معاملہ سب سے پہلے تھا۔

خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں خود کش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ایک مسافر گاڑی سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں پانچ چینی انجیئنرز اور ان کا پاکستانی ڈرائیور مارے گئے تھے، اس واقعے کے بعد سے ملک میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی پر غیرمعمولی اقدامات سامنے آرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : الوداع ن لیگ، محمد زبیر کس جماعت میں شامل ہو رہے ہیں ؟بڑا دعویٰ سامنے آ گیا