ڈاکٹر یاسمین راشد کا جیل سے ایک اور کھلا خط سامنے آ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عثمان خادم کمبوہ)صدر پاکستان تحریک انصاف پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا جیل سے ایک اور کھلا خط سامنے آ گیا۔
خط کے متن میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ جمہوریت کا حسن پرامن احتجاج ہے، اس بات کی اجازت پاکستان کا آئین دیتا ہے، فارم 47 کی حکومت اس حد تک عوام سے خوفزدہ ہے کہ 27 تاریخ تک دفعہ 144 لگا دی گئی ہے،کیا اس طرح کی پابندیوں سے آپ عوام کے دل سے عمران خان کی محبت نکال سکتی ہیں؟
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہناتھا کہ ایک تصویر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ 55 لاکھ لوگوں نے پہلے 2 گھنٹے میں اس تصویر کو دیکھا،میڈم رتھلیس کی فارم 47 کی حکومت نے اس عوام کو دیا ہی کیا ہے؟ صحت سہولت کارڈ جس کے تحت ایک خاندان 10 لاکھ روپے تک اپنا علاج کرواسکتا تھا، وہ بھی عوام سے واپس لے لیا گیا ہے۔
صدر پی ٹی آئی پنجاب نے کہاکہ سی ایم صاحبہ اگر آپکو اپنے 100 دن کی تشہیر سے فرصت ملے تو پتا کر لیں کہ جو قیمتیں حکومت بتاتی ہے کیا اس قیمت میں لوگوں کو روزمرہ کا سامان مل رہا ہے؟ دور جانے کی ضرورت نہیں ہے ٹیلی ویژن کے چینل پر روزانہ حکومت کی بتائی ہوئی قیمتیں اور جس بھاؤ چیزیں بک رہی ہیں وہ بتائی جاتی ہیں ۔
خط کے متن میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہناتھا کہ 40 فیصد تک عوام غربت کی سطح سے نیچے چلی گئی ہیں، کسان برباد ہو گیا ہے لوگوں کیلئے ایک وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگئی ہے،سیاسی انتقام سے آپ باز نہیں آ رہے آج پھر عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کا 7 دن کا فزیکل ریمانڈ دے دیا ہے، ان کا مزید کہناتھا کہ عزت دینے والا اللہ تعالی ہے اور انکی عزت میں آپ نے اور اضافہ کر دیا ہے،یاد رکھیں اس سارے ظلم کی آپ جواب دہ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: چشتیاں؛فائرنگ سے ن لیگ کے رہنما جاں بحق