ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لائیں گے: وزیرِ اعظم

Mar 22, 2024 | 19:59:PM

(24 نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکی معیشت کی ترقی کی موجود وسیع استعداد کو بروئے کار لائیں گے اور ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لے کر آئیں گے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے اور ڈیجیٹاییزیشن کے حوالے سے اقدامات اور ترقی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء محمد جہانزیب، احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاءاللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، رانا مشہود خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:  غیر ملکی ایئر لائن کا کراچی کے بعد دیگر شہروں سے فضائی سروس شروع کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں آئی شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے بین الاقوامی شہروت یافتہ ماہرین نے شرکت کی اور تجاویز پیش کیں، اجلاس کو بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائیزیشن کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے جس میں عام آدمی کی انٹرنیٹ تک رسائی میں اضافہ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ای-گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل سکلز کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدت و اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، وزیرِ اعظم نے ترجیحی بنیادوں پر ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کلیدی کردار ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکی معیشت کی ترقی کی موجود وسیع استعداد کو بروئے کار لائیں گے، ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لے کر آئیں گے.

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ علم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے بین الاقوامی ماہرین کی معاونت حاصل کی جائے.

مزیدخبریں