بیٹی کی پیدائش پر سیما حیدر کے سابق شوہر کا سخت ردعمل

Mar 22, 2025 | 21:21:PM
بیٹی کی پیدائش پر سیما حیدر کے سابق شوہر کا سخت ردعمل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان سے محبت کے لیے بھارت جانے والی سیما حیدر ایک بار پھر خبروں میں ہیں، 18 مارچ کو نوئیڈا کے کرشنا ہسپتال میں سیما نے بیٹی کو جنم دیا، جو ان کے بھارتی شوہر سچن مینا کے ساتھ ان کی پہلی اولاد ہے۔

اب  اس خبر پر سیما کے سابق شوہر غلام حیدر کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے،انہوں نے نہ صرف نومولود بچی کو 'ناجائز' قرار دیا بلکہ بھارتی حکومت سے اپنے4 بچوں کی حوالگی کا بھی مطالبہ کیا ہے،18 مارچ 2025 کو نوئیڈا کے کرشنا ہسپتال میں سیما حیدر نے بیٹی کو جنم دیا،سچن مینا اور ان کے اہل خانہ نے نومولود بیٹی کی پیدائش کا جشن منایا اور اس موقع پر قانونی مشیر اے پی سنگھ نے بھی مبارکباد دی،بھارتی میڈیا میں یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، اور سیما کے ہمدردوں نے انہیں سوشل میڈیا پر مبارکباد دینا شروع کر دی۔

 لیکن دوسری طرف سیما کے سابق شوہر غلام حیدر نے اس خوشی کو ماننے سے انکار کر دیا ،انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ سیما نے ان سے باقاعدہ طلاق نہیں لی اور اس کا بھارت میں نیا رشتہ غیر قانونی ہے،ان کے مطابق اس شادی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور نومولود بچی بھی غیر قانونی رشتے کی پیداوار ہے۔

غلام حیدر نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کے 4بچوں کو پاکستان واپس بھیجا جائے، کیونکہ سیما نے انہیں چھوڑ کر غیر قانونی طور پر بھارت میں نئی زندگی شروع کر دی ہے،سچن مینا اور ان کے اہل خانہ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا، ان کے مطابق سیما نے اپنی مرضی سے بھارت آ کر شادی کی ہے اور اب وہ ایک خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں، ان کے وکیل اے پی سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ غلام حیدر کے الزامات بے بنیاد ہیں اور سیما کی شادی مکمل طور پر قانونی ہے۔

 یہ معاملہ صرف ایک ذاتی جھگڑا نہیں رہا بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ بنتا جا رہا ہے،قانونی ماہرین کے مطابق، اگر غلام حیدر ثابت کر دیتے ہیں کہ سیما نے بغیر طلاق کے شادی کی ہے  تو بھارتی حکومت ان کے بچوں کی حوالگی کے لیے دباؤ میں آ سکتی ہے  لیکن بھارتی قوانین کے مطابق اگر سیما بھارتی شہری بن چکی ہیں، تو ان کے بچوں کو واپس بھیجنا مشکل ہو سکتا ہے،یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی چھایا ہوا ہے، کچھ لوگ سیما کو غدار کہہ رہے ہیں  جبکہ کچھ ان کے فیصلے کا احترام کر رہے ہیں، کئی صارفین نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ بھارتی حکومت نے سیما کو اتنی آسانی سے شہریت کیسے دے دی؟

یہ بھی پڑھیں: نازش جہانگیرعدالت پیش ہوگئیں،وارنٹ گرفتاری منسوخ