(ویب ڈیسک)واٹس ایپ نے ایک ایسا فیچر متعارف کرادیا جس کے بعد صارفین موبائل فون کے بغیر بھی واٹس ایپ استعمال کر سکے گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کی جانب سے اکاؤنٹس میں لاگ ان ہونے کا متبادل طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔اس طریقہ کار کے تحت صارفین اس وقت اپنے ای میل ایڈریس استعمال کرکے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر لاگ ان ہو سکیں گے۔ میٹا کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان تو نہیں کیا گیا مگر ڈبلیو بیٹا انفو کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اس فیچر کو پہلے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب جاکر بڑے پیمانے پر پیش کیا گیا ہے۔اس نئے فیچر سے صارفین ای میل ایڈریس کو واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک کر سکیں گے،یہ فیچر ایس ایم ایس ویری فکیشن کی جگہ نہیں لے گا بلکہ اس وقت صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جب وہ ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کے کوڈ کو موصول کرنے سے قاصر ہوں گے۔
ای میل ویری فکیشن فیچر اس وقت بہت زیادہ کارآمد ثابت ہوگا جب آپ کسی ایسی جگہ نئی ڈیوائس پر واٹس ایپ اکاؤنٹ پر سائن ان ہونے کی کوشش کریں گے جہاں موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں ہوگا یا کسی نئے فون میں سم لگائے بغیر اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرنے کے خواہشمند ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ سائن ان ہونے کا بیک اپ طریقہ کار ہوگا اور نئے واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے کے لیے فون نمبر کے اندراج کی ضرورت برقرار رہے گی،صارف کا ای میل ایڈریس صرف اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے استعمال ہوگا اور دیگر صارفین کو نظر نہیں آئے گا۔اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آئی فون صارفین کو واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔اس کے بعد واٹس ایپ اوپن کرکے سیٹنگز میں جائیں اور وہاں اکاؤنٹ کے آپشن پر کلک کریں۔
یہ بھی پڑھیں:صبا قمر نے شادی کو زندگی کی اہم ضرورت قراردے دیا
اس جگہ آپ کو ای میل لاگ ان آپشن نظر آئے گا، جس کو ان ایبل کرکے اپنے ای میل ایڈریس کا اندراج کریں۔ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیچر کب تک اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہوگا۔خیال رہے کہ میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ نے حالیہ مہینوں میں متعدد نئے پرائیویسی فیچرز کا اضافہ کیا ہے۔پروٹیکٹ آئی پی ایڈریس ٹول، پاس کیز سپورٹ اور دیگر فیچرز صارفین کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں جبکہ یوزر نیم فیچر کی بھی آزمائش کی جا رہی ہے۔