گدھے پر زیادہ وزن لادنا جرم قرار، کتنی سزا ہوگی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا میں جانوروں پر تشدد کے خلاف اور ان کی بہتر افزائش نسل کے لیے 'خیبر پختونخوا اینیمل ویلفیئر بل 2024' اور 'لائیو سٹاک بریڈنگ سروس بل 2024' صوبائی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔
محکمہ لائیوسٹاک کے مطابق دونوں قوانین میں جانوروں کے تحفظ اور افزائش نسل کے حوالے سے اقدامات جبکہ ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
مجوزہ بل میں پالتو جانوروں پر تشدد اور ان سے زیادہ مشقت لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
نئے قانون کے تحت گدھا، گھوڑے، خچر، گائے، بیل، اونٹ اور دیگر پالتو جانوروں پر زیادہ وزن لادنے پر پابندی ہوگی۔
خلاف ورزی کی صورت میں ایسے ملزم پر 'اینیمل ویلفیئر ایکٹ' کے تحت 3 ماہ قید یا 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، یا دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔
جانوروں کے تشدد کے خلاف بل میں جانوروں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف سزائیں تجویز کی گئی ہے جس کے تحت 6 ماہ قید یا پھر ایک لاکھ روپے جرمانہ تک ادا کرنا ہوگا، اسی طرح جانوروں کو لڑانے والوں کے لیے 3 ماہ کی قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خوب صورتی اورفن کاحسین امتزاج جینیفرلارنس نے خوشخبری سنادی
نئے قانون سازی کے بعد جانوروں پر تشدد یا ان کے حقوق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ کرے گا۔
حیوانات کے علاج کے لیے بھی معیار کا تعین کیا گیا ہے جس کے تحت لائسنس یافتہ ماہر امراض حیوانات کا ہونا ضروری ہے۔
خیبرپختونخوا بریڈنگ سروس کے تحت معیاری افزائش نسل نہ کرنے کی صورت میں محکمہ کو مویشی ضبط کرنے کا اختیار ہوگا، اسی طرح جانوروں کو پالنے کے لیے رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا۔