سینیئر موسٹ جج کو نہ لایا گیا تو پورا ملک بلاک کرینگے: علی امین گنڈاپور

Oct 22, 2024 | 18:42:PM

(عامر شہزاد)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سینیئر موسٹ جج کو نہیں لایا گیا تو احتجاج کریں گے،اس بار الگ پلاننگ کر رہے ہیں،پورے پاکستان اور آزاد کشمیر سے لوگ آئیں گے اور پورے ملک کو بلاک کریں گے،عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو فائنل کال دیں گے،اب آر یا پار بس دو ٹوک بات ہو گی ۔

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا پبی میں بی آر ٹی توسیع منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اسلام آباد دار الخلافہ ہے ہم ہر بار جا سکتے ہیں اور احتجاج ہمارا حق ہےہمارا لیڈر بے گناہ پابند سلاسل ہے،اس وقت ملک میں الگ الگ ترامیم کر رہے ہیں جس کاکوئی فائدہ نہیں،پاکستان کے خزانے کے لئے نیب نے کچھ نہیں کیا،ملک میں تمام ادارے غلط جا رہے ہیں،آزاد عدلیہ کو نہیں چھوڑا جا رہا اپنے فائدے کے لئے عدلیہ کو محکوم کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سینیئر موسٹ جج کو نہیں لایا گیا تو احتجاج کریں گے،ہم دوبارہ بھی احتجاج کریں گے جبر اور فسطائیت کے خلاف کھڑے رہیں گے،ہم پر گولیاں برسائی گئیں اور ان کو بتایا کہ جذبے کو نہیں ہرا سکتے ،اس بار الگ پلاننگ کر رہے ہیں،پورے پاکستان اور آزاد کشمیر سے لوگ آئیں گے اور پورے پاکستان کو بلاک کریں گے،عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو فائنل کال دیں گے،اب آر یا پار بس دو ٹوک بات ہو گی ،انہوں نے کہا کہ آئین کو ٹوڑکر اپنی مرضی کریں گے تو ان کا راستہ روکیں گے،ان کی وجہ سے پاکستان رکا ہوا ہے،عمران خان کے دور میں پاکستان دوڑ رہا تھا،ہم ہر حد تک جائیں گے اگر جان بھی دینی پڑی تو دیں گے۔

 حکمران جو راستہ آپ دکھا رہے ہیں وہ آپ کے گھر تک بھی جاتا ہے،آئینی ترامیم کے لئے ووٹ پورے کرنے ہوتے ہیں،بزدلی اور غداری ہمارے قانون میں نہیں جس نے ایک بار عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دی تو وہ بس گیا۔ 

نوشہرہ کے عوام کی سہولت کیلئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا  علی امین گنڈاپور نےاہم اقدام اٹھاتے ہوئے بس ریبپڈ ٹرانزٹ(بی آر ٹی) سروس کی نوشہرہ تک توسیع کردی،وزیر اعلی نے بی آر ٹی کے پبی فیڈر روٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا،16 کلومیٹر لمبا یہ فیڈر روٹ بی آر ٹی سٹیشن سردار گھڑی پشاور سے شروع ہوکر پبی بازار تک جاتا ہے،اس فیڈر روٹ پر 12 میٹر لمبی 4بسیں چلیں گی جو 20 منٹ کے وقفے سے روانہ ہوں گی، یہ بسیں صبح ساڑھے 6بجے سے لیکر شام 7بجے تک چلیں گی،اس فیڈر روٹ سے روزانہ کم و بیش4 ہزار مسافر مستفید ہوں گے،پبی فیڈرروٹ پر کل 13 بس سٹاپس ہوں گے جن میں پبی بازار، کاجور، پبی ریلوے  سٹیشن، واپڈا ٹاون،تارو جبہ، ترناب فارم اور دیگر شامل ہیں۔

اس فیڈر روٹ پر سفر کا دورانیہ 40 منٹ ہو گا، پبی فیڈر روٹ کے افتتاح سے بی آر ٹی فیڈر روٹس کی تعداد اب 18 ہوگئی،اس فیڈر روٹ کے افتتاح سے نوشہرہ اور گردونواح کے عوام کو سفر کی معیاری سہولیات فراہم ہونگی۔

یہ بھی پڑھیں:  ہمارے لوگوں سے گن پوائنٹ پر ووٹ لیا گیا :عمر ایوب

مزیدخبریں