حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلیے جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا ایک ساتھ چلنے پر اتفاق

Aug 23, 2024 | 22:42:PM
حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلیے جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا ایک ساتھ چلنے پر اتفاق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(طیب سیف)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)  کےوفد نے جمعیت علما اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ملاقات کی، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے دونوں پارٹیوں کے درمیان ایک ساتھ چلنے پر اتفاق ہوا۔ 

پاکستان تحریک انصاف وفد اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی، اسد قیصر، شبلی فراز، رؤف حسن شریک ہوئے، جےیوآئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا لطف الرحمان ، اسلم غوری، مولانا امجد خان شریک ہوئے جبکہ کامران مرتضی اجلاس میں کوئٹہ سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی نے جے یو آئی سے ان ہاؤس تعاون کی درخواست کی اور کہا کہ پارلیمنٹ میں مل کر چلے تو حکومت کو ٹف ٹائم دیا جاسکتا ہے۔

ملاقات میں ماضی کے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی معاملات زیر بحث آئے، مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی درخواست پر کہا کہ پی ٹی آئی کی تجاویز پر مشاورت کے بعد جواب دیا جاسکتا ہے،ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان مزید تعاون بڑھانے کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کی تجاویزدی گئیں جبکہ دونوں جماعتوں میں فاصلے کم کرنے کی کوشش پر بھی بات ہوئی۔

  تحریک انصاف اور جے یو آئی رہنماوں نے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو  کی، پی ٹی آئی رہنما  روف حسن نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں باہمی مشاورت سے چلنے کا فیصلہ ہوا ہے، پارلیمنٹ میں آئین سازی کے لیے ذیلی کمیٹی بنائی جارہی ہے ،بیرسٹر گوہر اور عبدالغفور حیدری قومی اسمبلی میں کمیٹی کا حصہ ہوں گے ،ان کا کہنا تھا کہ سینٹ میں شبلی فراز اور کامران مرتضی مشاورتی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے اتوار کو کمیٹیاں ملاقات کریں، پیر کو سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس کا لائحہ عمل طے کریں گے ،پارلیمنٹ کے اندر تو مل رہے ہیں اب باہر بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

دوسری جانب  ترجمان جے یو آئی  اسلم غوری  کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ملکر چلنے پر کمٹیاں بنائی گئی ہیں، قانون سازی پر مشاورت کے چلنے پر بات کی گئی ، قانون سازی کے معاملے پر باقاعدہ مشاورت کی جائے گی جبکہ پی ٹی آئی رہنما اخونزادہ حسین یوسفزئی  کا کہنا تھا کہ ملاقات سے پہلے محمود خان اچکزئی کو اعتماد میں لیا ، ملاقات کے لیے محمود خان اچکزئی کی مشاورت شامل تھی ،  محمود خان اچکزئی چاہتے ہیں کہ ملک میں معاملات آگے بڑھیں ،ملکی معاملات کے لیے اپوزیشن اتحاد بہت ضروری ہے ۔

 یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد، کارکنان 7 ستمبر کو کانفرنس میں شرکت یقینی بنائیں: مولانا فضل الرحمان