(24 نیوز)ملک بھر میں کڑکڑاتی سردی کے ڈیرے ہیں اور شہری ٹھنڈ سے ٹھٹھر رہے ہیں, لاہور میں صبح سویرے بارش سے بھیگے دسمبر کا آغاز ہوگیا جبکہ کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی جبکہ بالائی علاقوں میں ایک بار پھر ہونے والی برف باری نے ناران ، کاغان اور شوگران کے پہاڑوں کو سفید چادر اوڑھا دی ،سوات کے سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام اور مہوڈنڈ میں بھی برفباری سے ہر منظر دلکش ہوگیا ہے ۔
ادھر گلگت بلتستان کے تمام اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں ،سکردو، کھرمنگ، شگر اور گانچھے میں آبشاریں، جھرنے اور ندی نالے جم گئے ہیں،جبکہ میدانی علاقوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں میں برف کا نظارہ کرنے پہنچ گئی ہے۔
غذر کی تحصیل گوپس میں بھی شدید ٹھنڈ ہے، جھیلیں برفیلے میدان کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ ندی نالے جمنے لگے ہیں۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشر قی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلو رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفبا ری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر بونداباندی کا پچیس فیصد امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد/ مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش/ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سیالکوٹ، نارووال، گوجرنوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، بہاولنگر اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔
رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان جنوبی افریقہ کو ہوم گراؤنڈ پرکلین سویپ کر نے والی پہلی ٹیم بن گئی
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد/مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، صبح کے اوقات میں صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
شہر لاہور اورگردونواح میں بونداباندی سے موسم سردہوگیا، شاہدرہ ، چوبرجی ، گڑھی شاہو ، شملہ پہاڑی ، ہربنس پورہ ،لاہور ہائیکورٹ اور گردونواح میں بارش برسنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔
محکمہ موسمیات شہرمیں آج بارش جاری رہےگی، ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سردی کی شدت میں مزیداضافےکاسبب بن رہی ہے، بارش کے باعث دوران سفر شہریوں کو احتیاط کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 224 ریکارڈ کی گئی جس کے بعد آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا۔
یہ بھی پڑھیں : مرغی کا گوشت 7 روپے کلو مہنگا، انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 13، اسکردو میں منفی 11، گوپس میں منفی نو، گلگت اور دیر میں منفی آٹھ، استور میں منفی سات، قلات اور بگروٹ میں منفی چھ، کوئٹہ، زیارت اور چترال میں منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاہور میں بھی صبح سویرے بارش نے بھیگے دسمبر کا آغاز کردیا۔
کراچی میں بھی گزشتہ دو روز کے دوران پارہ سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے، جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہےٓ، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔