(ویب ڈیسک)جنوبی بھارتی انڈسٹری کے معروف اداکار اور کے جی ایف اسٹار یش فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے چائے بیچاکرتے تھے جس سے روزانہ کی آمدنی صرف 50 روپے تھی۔
یش کا پورانام نوین کمارگوداہے لیکن یش کے فلمی نام سے مشہورہیں،وہ تین فلم فیئرایوارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔
"کے جی ایف" کی دونوں فلموں نے مجموعی طور پر 1500 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا ہے، جس کے باعث یہ کناڈا سینما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہو گئیں اور یش بھارت کے صف اول کے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
مگر یش کا یہ سفر آسان نہیں تھا،ایک بس ڈرائیور کے بیٹے کی حیثیت سے ان کی زندگی محنت اور جدوجہد سے عبارت ہے، 16 سال کی عمر میں یش نے اپنے والدین کو قائل کیا کہ وہ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے گھر چھوڑ دیں،وہ کناڈا فلم انڈسٹری میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہوئے، لیکن بنگلور پہنچنے کے دو دن بعد ہی یہ پروجیکٹ ختم ہو گیا۔
یش نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں گھر سے بھاگ آیا تھا،بنگلور پہنچ کر شہر کی وسعت اور ماحول نے مجھے ڈرا دیا، لیکن میں ہمیشہ خود پر یقین رکھنے والا شخص رہا ہوں،میرے پاس صرف 300 روپے تھے اور جانتا تھا کہ واپس جانے پر والدین دوبارہ آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بنگلور پہنچنے کے بعد یش نے بینکا ڈرامہ ٹروپ میں شامل ہو کر اپنی زندگی کا آغاز کیا جہاں زیادہ وقت اسٹیج کے پیچھے کام کرتے ہوئے گزارا ، اسی دوران چائے بیچنے اور دیگر چھوٹے کاموں سے انہوں نے روزانہ 50 روپے کمائے،تھیٹر میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے کالج میں بھی داخلہ لے لیااور تعلیم مکمل کی۔
یش کو پہلی بار اداکاری کا موقع ٹی وی سیریل "نندا گوکلا" میں ملا جہاں ان کی ملاقات رادھیکا پنڈت سے ہوئی،2007 میں یش نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور 2008 کی فلم "راکی" میں پہلی بار مرکزی کردار ادا کیا،تاہم یش کو سب سے بڑی کامیابی رومانوی کامیڈی فلم "مودلا سالا" سے ملی جس کے بعد کرتکا، موگینا ماناسو، ڈراما، گوگلی، مسٹر اینڈ مسز رامچاری اور ماسٹر پیس جیسی ہٹ فلموں نے انہیں کامیاب اداکاروں کی فہرست میں شامل کرادیا۔
یہ بھی پڑھیں:حملے کے بعد سیف علی خان کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی
2018 میں یش نے "کے جی ایف: چیپٹر 1" میں مرکزی کردار ادا کیا جس نے باکس آفس پر 250 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا اور کناڈا سینما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔