اسلام آباد میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ میں غفلت برداشت نہیں،وزیراعظم

Jun 23, 2024 | 21:02:PM

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے،اجلاس میں اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی،اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز ،منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کیلئے قائم شدہ K-9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل پرزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کیلئے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد میں تمام سکیورٹی منصوبوں کیلئے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: افسوسناک خبر؛ناکہ لگائے ڈاکوؤں نے خاتون کی عزت لوٹ لی

مزیدخبریں