لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی

Nov 23, 2024 | 11:15:AM

(24 نیوز)سموگ سے پریشان عوام کی سنی گئی،لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی،موسم  مزید سرد اور خوشگوار ہو گیا۔

لاہور سمیت مظفرآباد  اور گردونواح میں بھی بوندا باندی جاری، موسم سرد ہوگیا۔لاہور کے علاقےبند روڈ ،اچھرہ ، شمع ،بابو صابو ،شیراکوٹ ،یتیم خانہ چوک میں بوندا باندی ہوئی،ٹاؤن شپ ،کوٹ لکھپت ،قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ میں بھی بادل برس پڑے جبکہ مظفرآباد کے نواحی پہاڑوں کوہ مکڑا، پیر ہسی مار، پیر چناسی، سراں میں ہلکی برفباری سے سردی بڑھ گئی۔  محکمہ موسمیات نے اسلام آباد راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔

 چیف میٹرولوجسٹ پنجاب علیم الحسن کا کہنا ہے کہ  شہر میں مزید  بارش کا کوئی امکان موجود نہیں، سموگ کے بادل لاہور سے اپنا رخ موڑ لیں گے جبکہ  آئندہ دنوں میں فضائی آلودگی میں کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اوربرفباری کی توقع ہے، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔

اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چارسدہ، مردان، چترال اور دیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی میں تاحکم ثانی بس اڈے بند،24 نومبر کو میڑو بس سروس بھی معطل رہے گی

پشاور، صوابی، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، کوہاٹ اور خیبر میں بارش کی توقع ہے جبکہ آزادکشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، کشمور، سکھر، جیکب آباد اور ٹنڈو جام میں سموگ رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں