( انوشہ جعفری ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) رعنا انصار نقوی ،24 نیوز کے شہید ڈائریکٹرپروگرامنگ سید انصار نقوی کے بیٹے شاہ زیب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ کلفٹن انڈر بائی پاس انگلش بوٹ ہاؤس کے قریب صبح سویرے پیش آیا، حادثے میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) رعنا انصار نقوی کے بیٹے شاہ زیب جاں بحق ہو گئے جبکہ انکا ساتھی دوست زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) رعنا انصار بیٹے کے انتقال کی خبر سن کر غم سے نڈھال ہو گئیں اور اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئیں،رعنا انصار کے بیٹے شاہ زیب کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء ادا کی جائے گی۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کی کار حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ، وزیرِ اعظم نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جواں سال بیٹے کی وفات پر رعنا انصار اور انکے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان کو جلد صحت یاب کرے، آمین.
یہ بھی پڑھیں : یحییٰ آفریدی کا پہلا تحفہ ، بجلی سستی اور سستی اور سستی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ رعنا انصار کے جواں سال بیٹے کی اچانک موت کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا ہے، دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں محترمہ رعنا انصار کے غم میں برابر کا شریک ہوں، اللّٰہ تعالیٰ رعنا انصار اور انکے اہل خانہ کو دکھ کی اس گھڑی میں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ اسپیکر کی اللّٰہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔
یاد رہے 24 نیوز کے ڈائریکٹر پروگرامنگ سید انصار نقوی عید کی چھٹیوں پر آبائی گھر حیدرآباد جاتے ہوئے پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہوگئے تھے ۔