(ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت کی نئی فلم ’ایمرجنسی‘ ریلیز ہونے سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔
بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق شیروانی گردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) اور اکال تخت نے کنگنارناوت کی فلم پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم میں سکھوں کردار کشی ہورہی ہے اور ان کے مخالف ایک خاص بیانیہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایس جی پی سی کے سربراہ ہرجندر سنگھ دھامی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی سکھ برادری کو فلموں میں غلط انداز میں فلمایاگیا ہے جس سے ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، انہوں نے سینسر بورڈ پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے فلم پر فوری پابندی کی درخواست کی اور سینسر بورڈ میں سکھ ممبران کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا میں سب سے زیادہ کس اداکارہ کو “ کاپی“ کیا جاتا ہے؟ بڑا دعویٰ سامنے آ گیا
اکال تخت کے رگبیر سنگھ نے بھی فلم پر اعتراض لگاتے ہوئے کہا کہ فلم میں سکھوں کو جان بوجھ کر علیحدگی پسند دکھایا گیا ہے، جو کہ ایک گہری سازش کا حصہ ہے اور کنگنا رناوت کی فلم سکھ برادری کی توہین کرتی ہے.
واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے 2021 میں فلم ’ایمرجنسی‘ کا اعلان کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ یہ فلم ایک سیاسی ڈرامہ ہے، فلم کئی بار ملتوی ہونے کے بعد بالآخر 6 ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔