"لال سنگھ چڈھا" کی ناکامی کے بعدعامرخان کے ڈپریشن میں جانے کا انکشاف

میری فلم نہیں چلتی تو دکھ ہوتاہے لیکن ناکامیاں مجھے بہتر کرنے پر مجبور کرتی ہیں

Feb 24, 2025 | 12:23:PM

(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بارے میں انکشاف ہواہے کہ وہ اپنی آخری فلم"لال سنگھ چڈھا"کی باکس آفس پرناکامی کے بعدڈپریشن کاشکارہوگئے تھے۔

عامرخان کی 2022 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم 1994 کی ہالی ووڈ کلاسک Forrest Gump کا ری میک تھی۔

حال ہی میں ایک ایونٹ کے دوران عامر خان نے"لال سنگھ چڈھا" کی ناکامی کے بارے میں گفتگوکرتے ہوئے اعتراف کیا کہ جب ان کی فلمیں نہیں چلتیں تو وہ ایک طرح کے ڈپریشن میں چلے جاتے ہیں۔

عامر خان نے کہا کہ جب میری فلمیں نہیں چلتیں تو مجھے دکھ ہوتا ہے، فلم سازی مشکل ہے اور بعض اوقات چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوتیں، لال سنگھ چڈھا میں میری پرفارمنس تھوڑی بہت زیادہ تھی،اور اس نے ٹام ہینکس کے ورژن کی طرح کام نہیں کیا۔

بالی ووڈکے نامور اداکار نے مزید کہا کہ جب میری فلمیں ناکام ہو جاتی ہیں،تو میں دو سے تین ہفتوں تک ڈپریشن میں چلا جاتا ہوں،پھر میں اپنی ٹیم کے ساتھ بیٹھتا ہوں،تجزیہ کرتا ہوں کہ کیا غلط ہوا، اور اس سے سیکھتا ہوں،میں واقعی اپنی ناکامیوں کی قدر کرتا ہوں کیونکہ وہ مجھے بہتر کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ایک سکھ لال سنگھ چڈھا کی کہانی بیان کرتی ہے،اس فلم میں عامر خان کے ساتھ ساتھ کرینہ کپور، ناگا چیتنیا اور مونا سنگھ نے بھی اداکاری کے جوہردکھائے تھے، گزشتہ سال دسمبر میں لال سنگھ چڈھا میں روپا ڈیسوزا کا کردار ادا کرنے والی کرینہ کپور نے انکشاف کیا تھا کہ جب فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی تو عامر خان بکھر گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈین فلم ’چھاوا‘ نے 6 دنوں میں 200کروڑ بھارتی روپے کما کر ریکارڈ قائم کر دیا

عامر خان جلد اپنی اگلی فلم "ستارے زمین پر" میں نظر آئیں گے جوان کی 2007 کی کامیاب فلم"تارے زمین پر" کا سیکوئل ہے۔

مزیدخبریں