الیکشن کمیشن نے این اے 83 اور 85 میں انتخابات کے التواء سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا

Jan 24, 2024 | 00:07:AM

(عثمان خان) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات کے التواء سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق دونوں حلقوں کے ریٹرننگ افسروں نے نادرا کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بناء پر انتخابات ملتوی کیے، انتخابات کے التواء کیخلاف ن لیگ کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی نے درخواست دائر کی تھی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سرگودھا نے بھی الیکشن کمیشن سے وضاحت مانگی تھی۔

فیصلے میں کہا گیا ریٹرننگ افسروں کے مطابق مرحوم صادق علی کے بیٹے عبدالسلام نے وفات کی تاریخ 15 جنوری بتائی، سیکرٹری یونین کونسل کی تصدیق پر ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنایا گیا، سیکرٹری یونین کونسل کے مطابق نمبردار شمشاد علی نے فارم ب کی تصدیق کی، نمبردار شمشاد علی کے مطابق ب فارم پر اس کے دستخط جعلی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: عام انتخابات 2024ء، پاک فوج کے 2 لاکھ 77 ہزار افسران اور اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ مرحوم امیدوار کی اہلیہ، بیٹی اور امام مسجد نے وفات دو جنوری کو ہونے کی تصدیق کی، ڈی آر او کی تحقیقات کے نتیجے میں ثابت ہوا کہ وفات دو جنوری کو ہی ہوئی تھی، ڈیتھ سرٹیفکیٹ جعلی بنایا گیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا این اے 83 اور 85 سرگودھا میں انتخابی شیڈول جاری رہے گا، الیکشن کمیشن نے مرحوم امیدوار کے بیٹے کیخلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں