97 ویں آسکر ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں کا اعلان، فلم ’’ایمیلیا پیریز‘‘سرفہرست
ایوارڈز تقریب 2 مارچ کو لاس اینجلس میں سجے گی،آتشزدگی کے باعث تاریخ تبدیل کی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سال 2025ء کیلئے آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا،ہسپانوی تھرلر فلم "ایمیلیا پیریز" 13 نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔
دنیا بھر میں فن کاروں کے اعتراف فن کے لئے انہیں اعزازات سے نوازا جاتاہے،فلمی دُنیا کے سب سے بڑے ایوارڈآسکر کاحصول ہراداکار یا فن کار کا ایک ایسا خواب ہے جس کی عملی تعبیر کسی کسی کے حصّے میں آتی ہے،جس اداکارکو یہ ایوارڈ مل جاتا ہے اس کے فن کی پختگی پرگویا مُہر تصدیق ثبت ہوجاتی ہے۔
اکیڈمی ایوارڈ،جنہیں آسکربھی کہا جاتا ہے،بلاشُبہ دُنیا میں فلم کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے،اسے اکیڈمی ایوارڈ آف میرٹ بھی کہتے ہیں،آسکرکی تاریخ کئی دہائیوں کے لگ بھگ پھیلی ہوئی ہے،اس کا آغاز 1929ءمیں ہوا تھاجب ہالی وُڈ کے روز ویلٹ ہوٹل میں محدود پیمانے پر ایوارڈ تقسیم کئے گئے تھے اورشُرکاءکی تعداد صرف 270 تھی ،اس موقع پرصرف 15 ایوارڈ تقسیم ہوئے تھے اورایوارڈ تقریب صرف 15 منٹ جاری رہی تھی۔
1953ء میں پہلی بار آسکر ایوارڈ کی تقریب ٹی وی سکرین پر دکھائی گئی اوراب 200سے زائد مُلکوں میں آسکرایوارڈ کی تقریب نشرکی جاتی ہے،آسکرکو دُنیا کے قدیم ترین انٹرٹینمنٹ ایوارڈ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
97 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب 2 مارچ کو لاس اینجلس میں سجے گی،لاس اینجلس میں لگنے والی آگ کی وجہ سے آسکر ایوارڈ زکی تاریخ کو تبدیل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فلم"باپ"ریلیزہوگئی،پریمیئرمیں شوبزستاروں کی بھرپور شرکت
آسکرز کیلئے نامزد بہترین اداکار ایڈرین بروڈی،رالف فینیز دوڑ میں شامل، ڈیمی مور، کارلا صوفیا بہترین اداکارہ کیلئے فیورٹ ہیں جبکہ گائے پیئرس، ایریانا گرانڈے اور زوئی سلیڈانا بھی جیتنے کیلئے پراُمید ہیں۔
ہسپانوی تھرلر فلم "ایمیلیا پیرز" 13 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگےجبکہ فلم "ویکیڈ" 10 نامزدگیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
آسکر کے لیے نامزد فلموں میں بھارتی دارالحکومت دہلی میں فلمائی گئی شارٹ فلم "انوجا" بھی شامل ہے جو ہالی ووڈ کی مشہور فلموں ایلین، آئی ایم ناٹ اے روبوٹ، دی لاسٹ رینجر اوردی مین ہو کُڈ ناٹ ریمین سائلنٹ کے ساتھ مقابلے میں ہے۔
بہترین فلم کے لیے اینورا، اے کمپلیٹ ان نون، کونکلیو، ڈیون: پارٹ ٹو، آئی ایم اسٹل ہیئر، نکل بوائز اور دی سبسٹنس کو نامزد کیا گیا ہے۔
بہترین بین الاقوامی فلم کی کیٹیگری میں آئی ایم اسٹل ہیئر (برازیل), دی گرل ود دی نیڈل (ڈنمارک), ایمیلیا پیرز (فرانس), دی سیڈ آف دی سیکرڈ فگ (جرمنی) اور فلو (لاٹویا) شامل ہیں۔
بہترین اینیمیٹڈ فلم کی دوڑ میں فلو، انسائیڈ آؤٹ ٹو، میموائر آف اے اسنیل، والیس اینڈ گورمٹ: وینجیئن موسٹ فاؤل اور دی وائلڈ روبوٹ شامل ہیں جبکہ بہترین دستاویزی فلم کے لیے بلیک باکس ڈائریز نو ادر لینڈ پروسلین وار ساؤنڈ ٹریک ٹو ا کوپ ڈی اٹیٹ اور شوگر کین نامزد ہوئی ہیں۔
کارلا سوفیا کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو ایک ٹرانس جینڈر اداکارہ ہیں، وہ آسکرز میں اس کیٹیگری کے لیے نامزد ہونے والی پہلی ٹرانس جینڈر ہیں، دیگر امیدواروں میں سنتھیا اریوو، مائیکی میڈیسن، ڈیمی مور اور فرنینڈا ٹورس شامل ہیں۔
بہترین اداکار کی کیٹیگری میں ایڈریئن بروڈی، ٹموتھی شیلیمے، کولمین ڈومنگو، رالف فینیس اور سیبیسٹین اسٹین شامل ہیں،بہترین ہدایتکار کے لیے یاکیس آڈیئرڈ جنہوں نے ایمیلیا پیریز کی ہدایتکاری کی ہے, شان کوربے، کورالی فرگیٹ اور جیمز مین گولڈ نامزد ہیں۔