(24نیوز) اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔وفاقی کابینہ نے 126 ممالک کے لیے ڈیجیٹل ویزا دینے کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق 126 ممالک کے بزنس اور ٹورسٹ کیلئے آنے والوں کیلیے ویزا فری انٹری ہو گی،وزارت داخلہ کی سمری وفاقی کابینہ نے منظور کر لی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے دوست ممالک کے کاروباری افراد اور شہریوں کو ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی، وزارت داخلہ کی سمری پر 126 ممالک کے باشندوں کو ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے، ان ممالک کے لیے ڈیجیٹل ویزا دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کابینہ میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ بھی زیر غور آنا تھا تاہم اجلاس میں اس معاملے پر کوئی غور نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایاکہ کابینہ اجلاس میں سابق صدر عارف علوی، عمران خان اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کا معاملہ بھی زیر غور نہیں آیا۔
دھرنا دینے والے اب نئی وارداتیں کررہے ہیں:شہبازشریف
وزیر اعظم شہباز شریف کا وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جرمنی واقعہ افسوسناک ہے، وزارت خارجہ نے فوری ایکشن لیا،ویزہ فیس نہ لیے جانیوالے ممالک کی تعداد 126 ہوگئی ہے،غیرملکی سرمایہ کاروں کو مراعات دینگے،وزیراعظم نے بہترین کام کرنے پر وزارت داخلہ کی خدمات کو سراہا۔
ضرورپڑھیں:پاکستان میں سیاسی گرفتاریوں پر امریکا پریشان کیوں ہے؟
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفارتخانوں کی حفاظت یقینی بناناہماری ذمہ داری ہے،حالیہ دنوں میں دہشتگردی میں اضافہ ہوا،بلوچستان اور کے پی میں دہشتگردی بڑھی،آج بھی غریب آدمی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے،پاکستان میں دہشتگردی کی لہر تشویشناک ہے،وزارت داخلہ کی کاوشوں سے ویزہ رجیم میں مثبت تبدیلی لائے،ملک میں دہشتگردی میں ہمسایہ ممالک کا کردار ہے۔
مہمان نوازی کا بدلہ دہشتگردی سے دیاجارہا ہے،9 مئی کو مخصوص ٹولے نے ملک کی جڑیں ہلانے کی کوشش کی،پوری قوم جانتی ہے آج وہ نئے ہتھکنڈوں سے ،مخصوص ٹولے نے ملکی اداروں پر حملے کیے،پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ سے سپہ سالار کیخلاف ہرزہ سرائی کی گئی،دھرنا دینے والے اب نئی وارداتیں کررہے ہیں۔
واضح رہےکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پیپلزپارٹی سے مشاورت کرلی گئی ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کی منظوری کابینہ دے گی۔