9 مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے پنجاب حکومت کا سپریم کورٹ سے رجوع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سانحہ 9 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
پنجاب حکومت نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان، سابق وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل عمر ایوب اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سمیت 57 ملزمان کی فہرست بھی سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے، پنجاب حکومت نے پراسیکیوٹر جنرل کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت میں جمع کروائی گئی فہرست میں موجود ملزمان کو نوٹس جاری کرنے اور ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا کہ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے ملزمان کی ضمانت منظور کی، پنجاب حکومت نے انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا لیکن لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اسلام آباد جلسے کا اجازت نامہ واپس لینے کا حکم کالعدم قرار
واضح رہے کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی، عمر ایوب، شیخ رشید ، کنول شوزب سمیت 57 ملزمان کی فہرست بھی درخواست کے ساتھ سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی ہے۔