(عامر شہزاد) خیبر پختونخوا میں سیاحت کو فروغ دینے اور اس سے آمدن میں اضافے کیلئے سیاحتی مقامات پر موجود ریسٹ ہاؤسز کی لیز پالیسی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین اور چیف سیکرٹری کے علاوہ محکمہ سیاحت کے اعلی حکام نے شرکت کی ،محکمہ سیاحت کے ریسٹ ہاؤسز کے بہتر انتظام و انصرام سے متعلق معاملات پر غورو خوص کیا گیا ، صوبے کی آمدن میں اضافے کے لئے ان ریسٹ ہاؤسز کی لیز پالیسی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ ان ریسٹ ہاؤسز میں بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے طویل المدتی لیز پالیسی بنائی جائے گی ،سرمایہ کاری کے حساب سے ریسٹ ہاؤسز کی لیز کا دورانیہ رکھا جائے گا،لیز پالیسی میں ضروری ترامیم کے لئے متعلقہ کابینہ اراکین اور دیگر حکام پر مشتمل کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ، کمیٹی ایک ہفتے کے اندر لیز پالیسی میں ضروری ترامیم تجویز کرے گی، اجلاس میں محکمہ سیاحت کے ریسٹ ہاؤسز کی لیز سے متعلق جملہ معاملات کی نگرانی کے لئے محکمہ سیاحت کے تحت قائم کمپنی کو فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پورنے محکمہ سیاحت کی ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل کے لیے متعلقہ قوانین میں ترمیم کی بھی ہدایت کی ،کے پی سی ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے عمل کو بھی تیز کرنے ،محکمہ سیاحت کے زیر انتظام کیمپنگ پوڈز کو جلد از جلد آؤٹ سورس کرنےاور سرکاری اثاثوں کی انوینٹری کو ڈیجیٹائز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پر پابندی کسی کا باپ بھی نہیں لگا سکتا : ملک احمد خان بھچر