(سید تنویر نقوی) کھاریاں میں شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، بھائی کی شادی والے دن دوسرے بھائی نے بہن کو زہریلی گولیاں کھلا کر ماردیا، ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کھاریاں میں شادی والے گھر میں خوشیوں کی جگہ صف ماتم بچھ گئی، ایک بھائی کے نکاح پر دوسرے بھائی نے سگی بہن کو قتل کر دیا، سگے بھائی نے بہن کو مبینہ طور پر زہر دیکر موت کے گھاٹ اتار دیا، افسوسناک واقعہ تھانہ صدر کھاریاں کے علاقہ گنبجہ میں پیش آیا، یونان سے واپس آئے بھائی نے سگی بہن کو گندم میں رکھنے والی گولیاں کھلاِئیں، ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور حوا کی بیٹی غیرت کی بھینٹ چڑھ گئی
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ بیٹی کی ماں کی مدعیت میں بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر میں دیئے گئے مدعیہ کے بیان کے مطابق ہم اپنے دوسرے بیٹے کا نکاح پڑھوانے گئے تھے، مقتولہ اور قاتل گھر میں ہی رہے، مختار علی نے بہن کو گندم میں رکھنے والی گولیاں کھلاکر قتل کر دیا، ملزم مختار میرے دوسرے بیٹے قاسم علی کے نکاح پر راضی نہیں تھا۔
پولیس نے ضروری کارروائی اور پوسٹمارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔