اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی

Jun 24, 2024 | 12:39:PM

(احتشام کیانی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خواجہ خورشید احمد کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خواجہ خورشید احمد کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، وزارت دفاع کے ڈائریکٹر لیگل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ خورشید ملٹری کی حراست میں ہیں، جاسوسی کے الزام میں خواجہ خورشید ملٹری کی حراست میں ہیں، جس پر  جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ چلیں بندے کا پتہ تو چل گیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا وہ ملٹری سے ریٹائرڈ ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جی ہاں، وہ ملٹری سے ریٹائرڈ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف قتل کی جوڈیشل انکوائری کیلئے حامد میر کی درخواست پر سماعت، اٹارنی جنرل ذاتی حیثیت میں طلب

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں ان کے جواب کی کاپی دے دیں، جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست گزار وکیل کی استدعا پر ریمارکس دیئے کہ جی بالکل آپ کاپی لے لیں متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے لاپتہ شہری کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی۔

مزیدخبریں