وفاقی وزیر نے چینی کی قیمت میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

Mar 24, 2025 | 14:27:PM
وفاقی وزیر نے چینی کی قیمت میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی 180 روپے فی کلو میں فروخت ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

چینی کی قیمتوں سے متعلق اہم گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کا مقصد عوام میں بے یقینی پیدا کرنا ہے اور یہ تمام بیانات پروپیگنڈا کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، حکومت نے چینی کی قیمتوں پر ایکشن لیا جس سے چینی پانچ روپے فی کلو سستی ہوئی۔ حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا جائزہ لے رہی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ نہیں ہوگا۔

رانا تنویر نے کہا کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو ہے اور وزیراعظم نے چینی کی قیمت کے تعین کے لیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:سندھ کی 30 جامعات کے 30 ہزار طلبا کو اسکالرشپ دینے کا اعلان 

وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی کی قیمت میں مسئلہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی وجہ سے ہے، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے، کسی کو قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی قلت کے حوالے سے چلائی جانے والی میڈیا مہم نہ صرف بے بنیاد ہے بلکہ اس کا مقصد مارکیٹ میں پینک پیدا کرنا بھی ہے۔ چینی کی ایکسپورٹ کے بارے میں پیش کی جانے والی خبریں حقائق سے مکمل طور پر متصادم ہیں اور ان میں کسی قسم کی درستگی موجود نہیں۔