(24 نیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، گزشتہ روز افغانستان کے خلاف اہم میچ میں بھی شاہینوں کی جانب سے تینوں فارمٹ میں ابتر کارکردگی دیکھی گئی ۔
افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف ایک اوور قبل صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، افغانستان نے ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو شکست سے دوچار کیا ہے ، پاکستان کو اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے افغان ٹیم نے ایونٹ میں کھلبلی مچا دی ہے ، 5 میں سے 3 میچز میں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنامشکل نظر آ رہا ہے ، لیکن اب اگر مگر کا کھیل شروع ہو گیاہے ۔
پاکستان کے ابھی بھی ورلڈ کپ میں 4 میچز باقی ہیں اگر پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنی ہے تو اسے باقی کے تمام میچز میں کامیاب ہونا پڑے گا، یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے باقی چاروں میچز ورلڈ کپ کی بہترین ٹیموں سے ہے ، قومی ٹیم اب 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ ، 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش، 4 نومبر کو نیوزی لینڈ، 11 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی ۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو پاکستانی ٹیم 5 میں سے تیسرا میچ ہارنے کے بعد بھی بدستور پانچویں نمبر پر ہے ، بھارت پانچوں میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن پر ہے ، نیوزی لینڈ نے 5 میں سے4 میچ جیتے ہیں اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے کیوی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے ، جنوبی افریقہ نے4 میں سے 3میچ جیتے اور 1 ہارا ہے اس کا تیسرا نمبر ہے ، آسٹریلیا چوتھے پر ہے ، انہیں 2میں کامیابی اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، افغان ٹیم نے چھلانگ لگا کر دسویں سے چھٹی پوزیشن حاصل کر لی ہے ،بنگلہ دیشی ٹیم کو 4 میں سے3 میں شکست ہوئی اور ساتویں نمبر پر ہے ، نیدرلینڈ زکا آٹھواں اور سری لنکا کا نواں نمبر ہے ، اس وقت ٹورنامنٹ میں بابائے کرکٹ انگلینڈ سب سے آخری پوزیشن دسویں نمبر پر ہے ۔
یہ بھی پڑھیں :ورلڈ کپ: جنوبی افریقا کا بنگلا دیش کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
اس حساب سے پاکستان کو تمام میچز میں فتح کے ساتھ ساتھ اپنے سے اوپر موجود 4 ٹیموں میں سے کسی ایک کے ساتھ اپ سیٹ کا سہارا لینا ہو گا اور صرف شکست نہیں بلکہ بڑے مارجن کی بھی دعا کرنی پڑے گی ، کیونکہ پاکستان کا ورلڈ کپ کی ٹاپ 4 ٹیموں کے مقابلے میں رن ریٹ کافی کم ہے ۔