اشتعال انگیز تقریر، پی ٹی آئی رہنما افضال عظیم پاہٹ کیخلاف مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص احمد) لاہور کے علاقے کاہنہ میں تحریک انصاف کے جلسے میں اشتعال انگیز تقریر کرنے پر پی ٹی آئی رہنما افضال عظیم پاہٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گزشتہ عام انتخابات میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے خلاف الیکشن لڑنے والے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) رہنما افضال عظیم پاہٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ کاہنہ کے رہائشی شہری عبد الغفار کی مدعیت میں درج کیا گیا، افضال عظیم پاہٹ کے خلاف مقدمہ پی ٹی آئی جلسے کے دوران اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق جلسے میں پی ٹی آئی رہنما افضال عظیم پا ہٹ نے ملکی سالمیت، اعلیٰ عدلیہ اور ریاستی اداروں کے سربراہان کے خلاف ہرزہ سرائی کی، افضال عظیم پاہٹ نے حکومت وقت، اعلیٰ عدلیہ اور مسلح حساس اداروں کے خلاف نفرت انگیز باتیں کی، ملزم نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان سازش مجرمانہ کے تحت نفرت کا بیج بویا اور جماعت کے کارکنان کو اشتعال دلایا، پاہٹ نے پی ٹی آئی کارکنوں کو لڑائی جھگڑا اور فسادات کے ذریعے ملکی حالات کی خرابی کا باعث بننے اور عوام میں خوف و حراس پیدا کرنے کی کوشش کی۔
قبل ازیں کاہنہ پولیس پی ٹی آئی رہنما شیخ امتیاز اور عالیہ حمزہ کے خلاف حماد اظہر کو پناہ دینے کا مقدمہ درج کر چکی ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور اور ان کے 300 ساتھیوں کے خلاف مناواں میں مقدمہ درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور علی امین گنڈا پور کی طویل ملاقات، کیا باتیں ہوئیں؟اندر کی خبر آگئی
واضح رہے کہ پولیس نے مقدمہ دفعہ 120، 120 بی، 505 بی ون اور 16 ایم پی او کے تحت درج کیا ہے، کاہنہ میں جلسے کے بعد سے اب تک تحریک انصاف کے رہنماؤں پر لاہور میں درج مقدموں کی تعداد 3 ہو چکی ہے۔