چیمپئن ون ڈے کپ: کوالیفائر میں مارخورز کو شکست، پینتھرز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

Sep 24, 2024 | 23:16:PM
چیمپئن ون ڈے کپ: کوالیفائر میں مارخورز کو شکست، پینتھرز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) لیک سٹی پینتھرز بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی، کوالیفائر میں رضوان کے مارخورز کو شکست دے کر شاداب کے پینتھرز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائر میں یو ایم ٹی مارخورز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پینتھرز نے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا، اس میچ کی خاص بات پینتھرز کے سپنر صائم ایوب کی کریئر بیسٹ 5 وکٹیں اور 33 رنز کی عمدہ آل راؤنڈ  کارکردگی تھی، ان کے علاوہ محمد حسنین نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان خان نے جارحانہ نصف سنچری سکور کی، صائم ایوب اور محمد حسنین مشترکہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

کوالیفائر میچ میں  مارخوز  نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم 36  اوررز میں صرف 137  رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، لیک سٹی پینتھرز نے   23.4 اوورز میں  3 وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔

مارخورز کا آغاز مایوس کن رہا، حسیب اللہ کو علی رضا نے اپنے پہلے ہی اوور میں 3 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا، اگلے ہی اوور  میں محمد حسنین نے لگاتار گیندوں پر کامران غلام ( 22 ) اور کپتان محمد رضوان ( صفر )  کی وکٹیں حاصل کیں اور جب حسنین نے اپنے چوتھے  اوور میں فخرزمان کو 11  کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا تو مارخورز کا سکور 4  وکٹوں پر صرف 25 رنز تھا، گرنے والی ان 4 میں سے 3 وکٹیں وکٹ کیپر عثمان خان کے کیچز کا نتیجہ تھیں۔

بعد ازاں سلمان علی آغا اور افتخار احمد اسکور میں77  رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے، افتخار احمد 39 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، سلمان علی آغا ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیل کر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے، یہ اس ٹورنامنٹ میں سلمان کی تیسری نصف سنچری تھی، صائم ایوب کی سپن بولنگ نے مارخورز کی بیٹنگ کا آسانی سے صفایا کردیا، انہوں نے صرف 24 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں جو لسٹ اے ون ڈے میں ان کا بہترین بولنگ فیگر ہے، محمد حسنین نے 25 رنز دے کر3  کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پینتھرز کو 138  رنز کے ہدف تک پہنچنے کے لیے 3 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا، صائم ایوب 6 چوکوں کی مدد سے33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عمرصدیق نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے35 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد عثمان خان نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے54  رنز کی ناقابلِ شکست شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان

اس ٹورنامنٹ میں پہلا موقع ہے کہ پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، صبح پہلے ایلیمنیٹر میں الائیڈ بینک سٹالیئنز کا  مقابلہ  نورپور لائنز سے ہوگا، اس میچ کی فاتح ٹیم 27 ستمبرکو دوسرے ایلیمنیٹر میں  یوایم ٹی مارخورز  سے مقابلہ کرے گی، دوسرے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم  29 ستمبر کو ہونے والے فائنل میں لیک سٹی پینتھرز  کا سامنا کرے گی۔