ویسٹ انڈیز  کیخلاف وویمن کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر محسن نقوی کا ایکشن

پاکستانی وویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی تحلیل، 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل،بہترین کوچ  کے فوری انتخاب کیلئے احکامات جاری

Apr 25, 2024 | 11:44:AM

(وسیم احمد)ویسٹ انڈیز وویمن کرکٹ ٹیم کیخلاف پاکستانی وویمن کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی،چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے فوری ایکشن لے لیا۔

پاکستانی وویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا،وویمن کرکٹ ٹیم کے لئے فوری طور پر 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی،سابق کرکٹرز عبدالرزاق، اسد شفیق، سابق وویمن کرکٹرز اسماویہ اقبال، مارینہ اقبال نئی سلیکشن کمیٹی میں شامل ہیں،عبوری ہیڈ کوچ وویمن کرکٹ محتشم رشید، وویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور سابق کرکٹر بتول فاطمہ بھی سلیکشن کمیٹی  کی ارکان ہوں گی۔
وویمن کرکٹ ٹیم کے لئے بہترین کوچ  کے فوری انتخاب کیلئے احکامات جاری،نئی سلیکشن کمیٹی کو فی الفور ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت دیدی۔
یہ بھی پڑھیں: کرسی پر کون بیٹھے گا؟،نام سامنے آ گیا،مراسلہ جاری

دوسری جانب چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سکاٹ وئینک نے ملاقات کی جس میں پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز اور اگلے برس نیوزی لینڈ میں کرکٹ سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے برس چیمپئنز ٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی،پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں 5 ٹی 20 اور 3 ون ڈے میچ کھیلے گی،چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ سیریز کے لئے پاکستان آمد پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نیوزی لینڈ کرکٹ کا شکریہ ادا کیا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  کیویز کھلاڑیوں کی سکیورٹی بے حد عزیز ہے،کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،کیویز کھلاڑی ہمارے معزز مہمان ہیں ان کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے،ذاتی طور پر تمام انتظامات اور سکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستان میں شاندار انتظامات کو سراہا اور چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے راولپنڈی اور لاہور میں بہترین انتظامات کئے گئے ہیں،راولپنڈی اور لاہور میں بہترین انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی،نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 3 ملکی سیریز کھیلنے چیمپئنز ٹرافی سے پہلے پاکستان آئے گی ۔

مزیدخبریں