ڈراموں میں کم معاوضے پر کام کیوں کرتاہوں؟فیصل قریشی نے وجہ بتادی
شوبز میں میرا 30 سال کا تجربہ ، کبھی پروڈیوسر کو یہ کہتے نہیں سنا کہ اُن کے پاس بڑا بجٹ ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے ڈراموں میں کم معاوضے پر کام کرنے کی وجہ بتا دی۔
فیصل قریشی نے گزشتہ دنوں ہی اپنے یوٹیوب چینل پر پوڈکاسٹ کا آغاز کیا ہے جس میں وہ شوبز ستاروں کو مدعو کرکے اُن کے انٹرویوز کرتے ہیں،پوڈکاسٹ کی حالیہ قسط میں فیصل قریشی نے اس بارے میں بات کی کہ پروڈیوسرز کس طرح کم معاوضے کے ساتھ ڈراموں میں اداکاروں کو کاسٹ کرتے ہیں۔
فیصل قریشی نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں میرا 30 سال کا تجربہ ہے، میں نے کبھی کسی پروڈیوسر کو یہ کہتے نہیں سنا کہ اُن کے پاس بڑا بجٹ ہے اور اداکاروں کو پراجیکٹ کے لیے بھاری معاوضہ دیا جائے گا،پروڈیوسر ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہم بھی آپ کی طرح محنت کررہے ہیں، ہمارا بجٹ بہت کم ہے، براہِ کرم اس کردار پر غور کریں، ہم آپ کو زیادہ معاوضہ نہیں دے سکتےلیکن یقین کریں کہ یہ کردار بہت اچھا ہے۔
فیصل قریشی نے کہا کہ میں وہ شخص ہوں جسے پروڈیوسر اچھے کردار کے لالچ سے بلیک میل کرتے ہیں،پروڈیوسرز اپنی باتوں میں اس طرح لیتے ہیں کہ میں کم معاوضے پر بھی پیشکش قبول کرلیتا ہوں لیکن میری شرط ہوتی ہے کہ کردار اچھا ہو۔
یہ بھی پڑھیں:اسماء عباس اوراعجاز اسلم ہمایوں سعیدکے دفاع کے لیے میدان میں آگئے
فیصل قریشی نے کہا کہ مجھے ڈرامہ سیریل "کبھی میں کبھی تُم" میں فہد مصطفیٰ کی پرفارمنس بہت اچھی لگی ہے،میں نے فہد سے کہا ہے کہ تُم اب مزید ڈراموں میں کام کرو کیونکہ اُن کی اداکاری کو بہت پسند کیا جارہا ہے لیکن دیکھتے ہیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں،مجھے لگتا ہے کہ فہد مصطفیٰ فلموں میں کام کرکے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن ہم سب اُنہیں ڈراموں میں واپس دیکھ کر بہت خوش ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نے ڈرامہ سیریل "کبھی میں کبھی تم"" کے ذریعے 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی کی ہے۔