وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی تحلیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حتمی مراحل اور قانونی پہلوؤں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دیا جانے والا مالی پیکج ان افراد کیلئے ہرگز نہیں ہے جن پر سنگین کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہوں، پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کی صوبوں اور متعلقہ اداروں کو منتقلی کا حتمی لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل سے متعلق تمام حتمی تجاویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں،وزیراعظم نے پاک پی ڈبلیو ڈی کے کم مدت ملازمت کے حامل محنتی اور ایماندار افراد کو دوبارہ ملازمت فراہم کرنے کیلئے ایج ریلیکسیشن کی تجویز پر عملدرآمد کی ہدایت کی،اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد خان چیمہ، محمد اورنگزیب وفاقی وزیر خزانہ ، احسن اقبال وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ریاض حسین پیر زادہ وفاقی وزیر ہاؤسنگ اور ورکس اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں:قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب،کونسا بل پیش کیا جائیگا؟ پی ٹی آئی کیلئے بڑی خبر