ٹیکسلا: سی پی او راولپنڈی نے خاتون پر تشدد کرنیوالے اے ایس آئی امتیاز ناصر کو معطل کردیا

Feb 25, 2024 | 00:51:AM

(ارشاد قریشی) سی پی او راولپنڈی نے تھانہ ٹیکسلا پولیس کے اے ایس آئی امتیاز ناصر کے بزرگ خاتون پر تشدد کے واقعے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے تین گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی اور اے ایس آئی امتیاز ناصر کو معطل کردیا۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے انکوائری مکمل ہونے پر اے ایس آئی امتیاز ناصر کو محکمہ پولیس سے برخاست کردیا اور کہا کہ خواتین سے بدتمیزی اور ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، خود احتسابی کو ہمہ وقت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے اور محکمانہ وقار کو ٹھیس پہنچانے والوں کیلئے راولپنڈی پولیس میں کوئی جگہ نہیں، افسران اپنا قبلہ درست کرلیں، شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہمارا فرض مقدم ہے جسے ہمیشہ یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب اسمبلی کے باہر سے پانچ مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا

خیال رہے کہ اس سے پہلے تھانہ ٹیکسلا کی پولیس ٹیکسلا کچہری میں جیب تراشی میں ملوث ملزم بصیر خان کو گرفتار کرنے پہنچی تو ملزم کی والدہ بیٹے کو بچانے کیلئے آڑے آگئی، ملزم کی والدہ کی مداخلت پر پولیس اہلکار امتیاز ناصر نے خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، تھپڑ مارے، زمین پر گھسیٹا اور دھکا دے کر گرا دیا۔

پولیس نے ملزم بصیر خان کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ہے، واقعہ کی انکوائری مکمل کرکے ذمہ داروں کیخلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں