اویس قادر شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب، ذمہ داریاں سنبھال لیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتنے والے سید اویس قادر شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہو گئے۔
اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے 9 آزاد ارکان اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے حلف اٹھایا، پیپلز پارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج اسمبلی میں حلف اٹھانے والے اراکین کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پینل آف اجلاس کو نامزد کیا۔
آغا سراج درانی نے شرجیل میمن، سعید غنی، ندا کھوڑو اور علی خورشیدی کو پینل آف اجلاس نامزد کیا۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کا چناؤ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو ا تاہم سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا۔ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی گئی اور اسپیکر آغا سراج درانی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سید اویس قادر شاہ 111 ووٹ لیکر اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔بعد ازاں آغا سراج درانی نے سید اویس قادر شاہ نے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
ضرورپڑھیں:پنجاب اسمبلی کے باہر سے پانچ مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا، حلف لینے والوں میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی شامل تھے، اس موقع پر اسمبلی ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اراکین سندھ اسمبلی نے اردو، انگریزی اور سندھی زبان میں حلف لیا۔
سندھ اسمبلی کے 168 اراکین میں سے 114 کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ 36 اراکین کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے تاہم آج 148 اراکین نے حلف لیا اور مجموعی طور پر 13 اراکین حلف برداری کی تقریب میں شریک نہ ہوئے۔