3 ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کی تفصیلات جاری کر دیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا، یہ سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی 2 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہو گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا، پہلی گیند دوپہر 2 بجے کرائی جائے گی جبکہ 10 فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہو گا، اس ڈے میچ کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہو گا۔
مزید پڑھیں:نعمان علی نے تاریخ رقم کر دی،اہم اعزاز کے مالک
ان 2 میچوں کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں پاکستان 12 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ میں جنوبی افریقا سے مقابلہ کرے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہو گا جبکہ فائنل 14 فروری کو کھیلا جائے گا جو دوپہر 2 بجے شروع ہو گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 6 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں لائٹس میں ٹریننگ کریں گی جبکہ جنوبی افریقا کی تاریخی گراؤنڈ پر پہلی ٹریننگ 9 فروری کی صبح ہو گی۔
قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہونے والے 4 میچ تینوں فریقوں کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا بہترین موقع فراہم کریں گے، وہیں یہ پی سی بی کے لیے اپنے نئے ڈیزائن اور دوبارہ تیار کردہ اسٹیڈیمز کو عالمی معیار کی نشریات کے ذریعے دنیا کے سامنے دکھانے کا بہترین موقع بھی ہو گا۔
قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے، پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں، نشریاتی معیار کو بڑھانے کے لیے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو دنیا بھر کے شائقین کے لیے دیکھنے کے بہترین تجربے کو یقینی بنائیں گی۔