مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے بارش کا امکان

Jul 25, 2024 | 19:32:PM

(روزینہ علی)ملک کے مختلف شہروں میں تیزہواؤں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور شدید حبس رہنےکے علاوہ صبح، رات کے اوقات میں تیز ہواؤں،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

ادھرخیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔ تاہم دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر،پشاور، مردان، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، خیبر،کرم ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اوروزیرستان میں چند مقاما ت پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

رپورٹ میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورشدیدحبس رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصوراوراوکاڑہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ جبکہ شام،رات کے دوران شیخوپورہ، ساہیوال، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نورپورتھل، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔ تاہم شام،رات میں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کو ہلو، لورا لائی، سبی، خضداراور گردونواح میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ادھرسندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہنےکا امکان ہے ۔ تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش/ بونداباندی ہو سکتی ہے۔

اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین 47، نوکنڈی 46، بھکر اور لیہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: قرضوں کی ادائیگی، ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر کتنے رہ گئے؟ سٹیٹ بینک نے بتا دیا

مزیدخبریں