(24 نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنا ہر صورت شیڈول کے مطابق ہو گا, ہمارا دھرنا پر امن اور عوام کے حقوق کے لیے ہے، پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی ، قانونی اور جمہوری حق ہے۔
جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کارکنان اور عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کر دیا، اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پولیس گردی جاری ہے، مختلف جگہوں پر پولیس اہلکاروں کی خواتین سے بدتمیزی افسوسناک ہے، حکومت کا رویہ غیر آئینی، غیر جمہوری ہے، پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی ، قانونی اور جمہوری حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا کل اسلام آباد میں دھرنا ہے جو ہر صورت شیڈول کے مطابق ہو گا، جماعت اسلامی کا دھرنا پر امن اور عوام کے حقوق کے لیے ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن دھرنے کی قیادت کریں گے، جماعت اسلامی کے کارکنان قانون کا احترام کرتے ہیں، حکومت کی طرف سے دفعہ 144 بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے ڈرائیو شوکت محمود کو گرفتار کر لیا، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور دیگر ذمہ داران کے گھروں پر بھی چھاپہ مارا گیا، پنجاب بھر میں جماعت اسلامی کے صوبائی اور قومی اسمبلی کے امیدواران کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی پی پی 28 کے رہنما حافظ محمد اجمل، میاں عثمان رفیع امیر جماعت اسلامی کھاریاں کینٹ اور خیر پور ٹامیوالی بہاولپور سے جماعت اسلامی کے 8 ذمہ داران کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان، پولیس نے ریڈ زون سیل کرنا شروع کر دیا
مزید براں جماعت اسلامی ضلع بہاولپور کے 3 ذمہ داران اور امیر جماعت اسلامی حسن ابدال نور الامین کے بیٹے کو بھی گرفتار کر لیا گیا، ڈاکٹر طاہر چوہدری امیر ضلع لودھراں کے اور اویس اسلم مرزا ٹیکسلا کے گھر پر بھی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے ہیں۔