دفتر خارجہ نے پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل کی تردید کر دی 

Mar 25, 2025 | 21:41:PM
دفتر خارجہ نے پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل کی تردید کر دی 
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)پاکستانی دفتر خارجہ نے پاکستانی صحافیوں کی جانب سے اسرائیل کے دورے کے حوالے سے زیرگردش خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر ممکن نہیں ہےؕ

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے ان رپورٹس کا نوٹس لیا ہے جن میں پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے کی بات کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ "اسرائیل کے سفر کے لیے قابل استعمال نہیں" ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ لہٰذا، موجودہ قوانین کے تحت ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں ہے، پاکستان کا اسرائیل کے بارے میں مؤقف تبدیل نہیں ہوا، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے، ان حقوق میں 1967 سے پیشگی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

انھوں ںے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور فلسطینی عوام کی اُمنگوں کے مطابق، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :صدر مملکت کا پاکستان آرفن کیئر فورم کے زیرِ کفالت یتیم بچوں کے لیے ایوانِ صدر میں افطار ڈنر