طلاق کی افواہوں کے درمیان ابھیشیک بچن کا ایشوریا کے نام اہم پیغام
ایشوریا کا شکر گزار ہوں کہ وہ مجھے کام کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نےاپنی اہلیہ اوراداکارہ ایشوریا رائے کی طلاق کی افواہوں کے درمیان ایشوریا کے نام ایک اہم پیغام جاری کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں ابھیشیک بچن نے کہا کہ وہ ایشوریا کے شکر گزار ہیں کہ وہ انہیں کام کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہیں،ان کی بیٹی آرادھیا کے ساتھ ایشوریا کی موجودگی گھر میں سکون کا سبب بنتی ہے۔
ابھیشیک کی جانب سے اہلیہ کے لئے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب بالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی کے درمیان طلاق کی افواہیں پھیلی ہوئی ہیں،تاہم اداکار کے اس بیان کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
ابھیشیک بچن نے بتایا کہ ان کے بچپن میں بھی انہیں اپنے والدین کی عدم موجودگی کا احساس نہیں ہوا، حالانکہ ان کے والد امیتابھ بچن 1970 کی دہائی میں فلمی دنیا کے عروج پر تھے جبکہ ان کی والدہ جیا بچن نے 1976 میں ان کی پیدائش کے بعد فلموں سے وقفہ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:سلیم رضا:عہدِ رومان کی سُریلی آوازکوخاموش ہوئے41 برس بیت گئے
ابھیشیک اور ایشوریا 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور 2011 میں ان کی بیٹی آرادھیا پیدا ہوئیں،ایشوریا نے بیٹی کی پیدائش کے بعد فلمی دنیا سے چار سال کا وقفہ لیا اور 2015 میں فلم "جذبہ" کے ذریعے واپس فلموں میں آگئیں ۔
ابھیشیک بچن آج کل اپنی آنے والی فلموں بی ہیپی، ہاؤس فل 5 اور کنگ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔